احوال وطن

شہریت قانون منسوخ ہونے تک چین نہیں لیں گے، آسام میں طلبا یونینوں کا اعلان

گوہاٹی ۔ 26 ۔ ڈسمبر (ذرائع) متنازعہ شہریت ترمیمی قانون 2019 ء کے خلاف احتجاج سارے آسام میں جمعرات کو بھی جاری رہا جس میں طلبہ یونینوں کی سرپرستی میں بڑے احتجاج منعقد کئے گئے ۔ احتجاجیوں نے عہد کیا کہ وہ نئے قانون کو منسوخ کرنے تک چین نہیں لیں گے۔ اپوزیشن کانگریس جس نے ریاست کی مغربی کنارہ میں مشرقی آسام کے سادیہ علاقہ سے ڈھوبری تک 800 کیلو میٹر تک پد یاترا شروع کی، وہ ہزاروں شرکاء کے ساتھ ضلع سیوا ساگر پہنچ چکی ہے۔ ضلع یودال گڑی میں سب سے بڑا مخالف سی اے اے اجتماع آل آسام اسٹوڈنٹس یونین کے بیانر تلے منعقد ہوا۔ یونین کے جنرل سکریٹری ایل گوگوئی نے زبردست ہجوم سے خطاب میں کہا کہ نریندر مودی ، امیت شاہ اور ان کے کٹھ پتلی قائدین سرب نند سونوال اور ہیمانتا بسوا سرما ہمارا روزگار چھیننے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہم اسے برداشت نہیں کریں گے ۔ آسام ہمیشہ آسامیوں کیلئے رہے گا، اس کی شناخت ، زبان اور آسامی لوگوں کے کلچر کو ختم کرنے کی سازش رچائی جارہی ہے۔ مقبول سنگرس زوبین گارگ اور مانس روبین کے علاوہ تھیٹر آرٹسٹ پی ربھا نے بھی احتجاج میں حصہ لیا۔ ربھا نے کہا کہ اگر ہم متحد رہتے ہیں تو ہماری مخالفت کرنے والوں کو ضرور شکست ہوگی۔ بعض مقامات پر مسائل ہوسکتے ہیں لیکن پھر بھی ہم متحد ہیں۔ حکومت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ احتجاجیوں کو لالچ دینے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ تحریک ختم ہوجائے۔ آسام جاتیا تباڑی یووا چھاترا پریشد نے بھی زبردست ریالی کا اہتمام کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×