احوال وطن

وزیر اعظم مودی کو بہار کے طلبہ لکھیں گے ایک کروڑ خط، 2 جنوری سے شروع ہوگی مہم، جانئے کیا ہے مقصد

پٹنہ: 28؍دسمبر (عصرحاضر) انگریزی میڈیم اسکولوں میں پڑھنے والے بہار کے طلبہ وزیر اعظم کو خط لکھیں گے اور وہ بھی ایک دو نہیں بلکہ پورا کا پورا ایک کروڑ خط۔ لکھنے کی مہم دو جنوری سے کشن گنج سے شروع ہوگی ۔ پرائیویٹ اسکول اینڈ چلڈرین ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے پورے بہار میں اس مہم کو چلایا جائے گا ۔ پرائیویٹ اسکول اینڈ چلڈرین ویلفیئر ایسوسی ایشن کے قومی صدر شمائل احمد کا کہنا ہے کہ نیتی آیوگ میں بہار کی تعلیمی صورت حال کو کھول کر بیان کیا گیا ہے ۔ ظاہر ہے آخری پائیدان پر کھڑا ریاست کا تعلیمی نظام خصوصی مراعات کا مطالبہ کرتا ہے۔ لوک سبھا کے انتخاب میں بہار نے وزیر اعظم نریندر مودی کو سیاسی طور پر کافی تعاون کیا تھا ، اب وزیر اعظم کی باری ہے کہ وہ بہار کے مسئلہ کو دیکھتے ہوئے اسپیشل اسٹیٹس دینے کی مانگ کو منظور کریں۔

شمائل احمد کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار لگاتار مرکزی حکومت سے اسپیشل اسٹیٹس کی مانگ کرتے رہے ہیں ، لیکن اب تک اس تعلق سے کسی طرح کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے، جو افسوس ناک ہے ۔ پرائیویٹ اسکول اینڈ چلڈرین ویلفیئر ایسوسی ایشن کا ماننا ہے کہ اگر بہار کو اسپیشل اسٹیٹس کا درجہ مل جاتا ہے تو اس کا فائدہ صوبہ کی ترقی میں مدد گار ثابت ہوگا ۔ اس کے علاوہ نجی اسکولوں کو بھی اس کا فائدہ حاصل ہوگا۔ خاص طور سے ٹیکس، لون اور دیگر معاملوں میں بہار کے لوگ فائدہ حاصل کریں گے۔

پرائیویٹ اسکول اینڈ چلڈرین ویلفیئر ایسوسی ایشن کے قومی صدر شمائل احمد کا کہنا ہے کہ جنوری کے پورے مہینہ میں اس تحریک کو چلایا جائے گا۔ ایسوسی ایشن اس موقع پر پورے بہار کا دورہ کرے گا ۔ تاکہ اسپیشل اسٹیٹس کے لئے ریاست میں ایک ماحول بنایا جا سکے ۔ شمائل احمد نے کہا کہ بہار کے لئے خصوصی درجہ ایک ایسی ضرورت ہے کہ اس کے بغیر صوبہ کی ترقی کا معاملہ کہیں نہ کہیں ادھورا رہ جاتا ہے ۔ بارہ کروڑ سے زیادہ کی آبادی والا یہ صوبہ غریب صوبوں کی فہرست میں سے ایک ہے ۔ خطہ افلاس سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی کثیر تعداد ہے۔ ناخواندگی سے بہار جوجھتا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں کی کمی کے ساتھ ہی روزگار کے مواقع کافی کم ہے۔ ایسے میں مرکزی حکومت کو اپنی ہمدردی کا ثبوت دیتے ہوئے بہار کے بارے میں ضرور غور کرنا چاہئے۔
پرائیویٹ اسکول اینڈ چلڈرین ویلفیئر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم بڑے فیصلے کرنے کے لئے مشہور ہیں۔ ہم ان سے امید کرتے ہیں کہ خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے سلسلے میں وہ ضرور بڑا قدم اٹھائیں گے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×