احوال وطن

رضائے الہی کے جذبہ سے خدمت خلق کے میدان عمل میں اترنے والے ہی کامیاب ہوتے ہیں:مولانا شبلی القاسمی

پٹنہ: 27؍دسمبر (راست) امارت شرعیہ بہاراڈیشہ وجھارکھنڈ کے زیرنگرانی چلنے والے مولانامنت اللہ رحمانی پارا میڈیکل کالج پھلواری شریف کی ایک اہم نشست زیرصدارت جناب مولانامحمد شبلی القاسمی قائم مقام ناظم امارت شرعیہ برائے تقسیم اسناد منعقد ہوئی،جس میں فیزیوتھراپی(BMLT) کورس مکمل کرنے والے طلباء وطالبات کوقائم مقام ناظم امارت شرعیہ مولانامحمدشبلی القاسمی صاحب کے ہاتھوں اسناد تقسیم کیاگیا۔اس موقع پر ناظم صاحب نے کورس مکمل کرنے والے طلباء وطالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ بات ہرگز ذہن میں نہ آئے کہ علم کا مقصد صرف پیسہ کمانا ہے،آپ حضرات نے امارت شرعیہ کے ایک اہم شعبہ سے جڑ کرتعلیم حاصل کی ہے، جس کا مقصد اپنی زندگی کو سنوارنا اورمعاشرہ کوبھی سنوارناہے،یادرکھیں مریضوں اورمرض سے پریشان حال لوگوں کے مرض اوردرد کو خدمت اوررضائے الہی کے مقصد سے دور کرنا بڑی عبادت اورسعادت ہے،آپ حضرات کے دل میں یہ بات رہے کہ آپ کا تعلق امارت شرعیہ سے ہے اورآپ نے یہاں کے کالج سے تعلیم پائی ہے،آپ کاتعلق اس ادارہ سے ہے جس میں ادارہ کے امیرحضرت مولاناسیدمحمد ولی رحمانی دامت برکاتہم امیرشریعت بہاراڈیشہ وجھارکھنڈ جیسی عظیم شخصیت ہیں،جنہوں نے رحمانی 30جیسانظام دے کر نئی نسلوں کے حوصلوں کو بلندکیا اوران لوگوں کے لئے جو مایوس ہوچکے تھے کہ اس مقابلہ (Competition) کے زمانہ میں شایدہم کچھ نہ کرپائیں گے،اسی کے ساتھ مالی تنگی کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے تھے، ان کے لئے انہوں نے راہ کھولی۔آپ دیکھتے ہیں کہ کتنے غریب ونادارقسم کے طلباء جو ذہانت توضرور رکھتے تھے لیکن ان کے سامنے راہیں نہیں تھیں، حضرت امیر شریعت کی ان کوششوں کے ذریعہ راہیں کھلی اورایک نظام پورے ملک میں قائم ہوا اوراس طرح کے ادارے پورے ملک میں کئی لوگوں نے اب کھولے ہیں،اوربڑی تعداد میںبچے اوربچیاں اس میں داخلہ لے کر مقابلہ جاتی امتحانوں کی تیاری کرتے ہیں اورکامیاب ہوتے ہیں۔اسی طرح سے امارت شرعیہ کے پارا میڈیکل کا جونظام ہے وہ نئی نسل کو نئی راہ پر امید کے ساتھ لانے کے لئے ہے،اب آپ نے تعلیم مکمل کرلی ہے،اس کے بعد میدان عمل میں آگئے ہیں،میدان عمل میں کئی طرح کی دشواریاں ہیں ان دشواریوں کو آپ ان طریقوں سے حل کرسکتے ہیں جوطریقے آپ کواس ادارے نے د ئیے ہیںاوران حوصلوں سے مقابلہ کرسکتے ہیں جو حوصلہ آپ کے حضرت امیر شریعت نے مشکل حالات میں آپ کو دیاہے،اوراس ادارے نے جوآپ کو طریقہ دیاہے اور لوگوں کے کام آنے اوران کی خدمت کا مزاج بنایاہے،اچھااخلاق دیاہے، اس طریقہ کے ساتھ کام کرنے سے آپ کو عزت ،کامیابی اوردنیاکے ساتھ دین بھی ملے گی۔قائم مقام ناظم صاحب نے مزیدکہاکہ میدان عمل میں آپ کوانسانیت کی خدمت اوراچھے اخلاق کا مظاہرہ کرناہے،نئے طریقے اورلیٹیسٹ ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، سستی اورغفلت کو ہرگز جگہ نہ دیں،کامیاب قوم اورکامیاب لوگ ہمہ وقت چوکس ، مستعد اوربیدار مغزرہتے ہیں اوراپنے علم وہنر میں اضافہ کی دھن میں لگے رہتے ہیں،اسی طرح ایک اور بنیادی بات کو یاد رکھناہے کہ شفاء صرف اللہ دیتاہے،اس لئے مریضوں کے معائنہ کے وقت توجہ اللہ تعالیٰ کی ذات پر رہنی چاہئے،ہم سب صرف ایک ذریعہ ہیں۔اپنے کام کوایمانداری ،اخلاص اورخدمت خلق کے جذبہ کے ساتھ کرناہے،اپنے بڑوں اوراساتذہ سے ہمیشہ رابطہ میں رہناہے، اس سے کام میں آسانی ہوتی ہے اورکامیابی بھی ملتی ہے۔ تقسیم اسناد کی اس نشست میںجناب مولانامفتی محمد ثناء الہدی قاسمی صاحب نائب ناظم امارت شرعیہ، جناب ڈاکٹر سید نثاراحمدصاحب ، جناب سید کمال وارث صاحب، جناب فضیل احمد،جناب مولانا ارشدرحمانی صاحب ،جناب مولانانصیرالدین مظاہری صاحب اور دیگر اساتذہ وکارکنان شریک تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×