احوال وطن

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلس عاملہ کا آن لائن اجلاس‘ اوقاف اور دیگر امور پر کئی اہم فیصلے

نئی دہلی: 16؍ اگست (پریس ریلیز) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلس عاملہ کا آن لائن اجلاس بتاریخ 16؍اگست بروزِ پیر منعقد ہوا، بورڈ کے صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے صدارت فرمائی، اور کارگزار جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب نے میٹنگ کی نظامت کرتے ہوئے تلاوت کلام پاک کے بعد مرحومین ارکان کی تجویز تعزیت پیش کی اسکے بعد آپ نے گزشتہ چھ ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جس میں خاص طور پر اصلاح معاشرہ کمیٹی، دارالقضا کمیٹی، سوشل میڈیا ڈیسک اور لیگل کمیٹی کے ذریعہ کی جانے والی کوششوں کا جائزہ اپنی رپوٹ میں پیش کیا جس پر تمام حاضرین نے اعتماد کا اظہار کیا، اس میٹنگ میں اترپردیش انتظامیہ کی طرف سے مسجد غریب نواز ضلع بارہ بنکی کے انہدام کی سخت مذمت کی گئی اور بورڈ کے وکلاء اس سلسلہ میں جو قانونی جدوجہد کر رہے ہیں، اس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، بعض حلقوں کی طرف سے موجودہ قانون وقف کو ختم کر دینے کی جو بات کہی جا رہی ہے اور سیاسی وعدالتی سطح پر اس کی کوشش ہورہی ہے، اجلاس نے اس کی سخت مذمت کی اور فیصلہ کیا کہ پُر امن طریقہ پر ایسی کوششوں کو ناکام کیا جائے، یہ بات بھی محسوس کی گئی کہ اوقافی جائیدادوں کے سلسلہ میں خود مسلمانوں کی جانب سے بھی بڑی زیادتیاں ہوئی ہیں اور قیمتی اوقاف ضائع ہو رہے ہیں، اس سلسلہ میں تحفظ اوقاف کی تحریک چلائی جائے، مسلمانوں اور بالخصوص اوقاف کے متولیان کو متوجہ کیا جائے کہ وہ وقف کے ناجائز استعمال سے بچیں اور اوقاف کا تحفظ کریں، عنقریب اس سلسلہ میں بورڈ کی طرف سے ملک کے مختلف حصوں میں شعور بیداری پروگرام منعقد کئے جائیں گے، میٹنگ میں یہ بات بھی طے کی گئی کہ مسلم پرسنل لا سے متعلق بورڈ کا مرتب کیا ہوا دفعہ وار مجموعہ قوانین اسلامی جلد از جلد اردو اور انگریزی میں شائع کر دیا جائے، نیز بورڈ کی طرف سے لا جرنل کا اجراء کیا جائے جو انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں ہو، جس میں اقلیتوں سے متعلق دستور میں دی گئی ضمانتوں اور عدالتی فیصلوں کی وضاحت کی جائے، پرسنل لا سے متعلق شرعی قوانین کو آسان زبان میں لکھا جائے اور قانون شریعت کے بارے میں جو غلط فہمیاں پیدا کی جاتی ہیں، وہ دور کی جائیں، یہ میگزین انگریزی اور اردو دو زبانوں میں ہوگا اور ان شاء اللہ عنقریب اس کا اجراء عمل میں آئے گا، صدر بورڈ نے اپنے صدارتی کلمات میں فرمایا کہ ہمیں خود اپنے آپ پر شرعی قوانین کو نافذ کرنا چاہئے، غلط اور ظالمانہ رسوم سے بچنا چاہئے اور ہر مرحلہ پر اتحاد واتفاق کا ثبوت دینا چاہئے، اجلاس میں مولانا سید شاہ فخر الدین اشرف کچھوچھوی،مولانا سید جلال الدین عمری، مولانا کاکا سعید احمد عمری، مولانا محمد فضل الرحیم مجددی، مولانا سید ارشد مدنی، مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی، مولانا یاسین علی عثمانی، ڈاکٹر قاسم رسول الیاس، مولانا عتیق احمد بستوی، مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی، مولانا محمود دریا آبادی، جناب اسد الدین اویسی، جناب یوسف حاتم مچھالا ایڈوکیٹ، جناب ایم آر شمشاد ایڈوکیٹ، پروفیسر سعود عالم قاسمی، ڈاکٹر ظہیر آئی قاضی، جناب کمال فاروقی، جناب طاہر حکیم ایڈوکیٹ ، مولانا انیس الرحمن قاسمی، مولانا خالد رشید فرنگی محلی، ڈاکٹر اسماء زہرا اور دیگر ارکان نے شرکت فرمائی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×