ریاست و ملک

مولانا رابع حسنی ندوی ایک بار پھر مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر منتخب، مولانا ارشد مدنی بنے نائب صدر

کانپور: 21/نومبر (سمیرچودھری) مسلمانوں کی سب سے بڑی تنظیم آل مسلم پرسنل لا بورڈ کا ستائیسواں دو روزہ اہم اجلاس کانپور میں جاری ہے، جس میں ایک مرتبہ پھر حضرت مولانا سید رابع حسنی ندوی کو اتفاق رائے سے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا صدر منتخب کیا گیا، جبکہ جمعیت علمائے ہند کے قومی صدر اور دارالعلوم دیوبند کے صدر المدرسین مولانا سید ارشد مدنی کو مسلم پرسنل لا بورڈ کا نائب صدر منتخب کیا گیا۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا ولی رحمانی کے انتقال کے بعد سے خالی ہوئےجنرل سیکریٹری کے عہدے پر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو منتخب کیا گیا ہے۔

 

اس سے قبل ہفتہ کو اپنے صدارتی خطاب میں مولانا سید رابع حسنی ندوی نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کو اپنے اختلافات کو بھلا کر متحد ہو کر حالات کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں کو زیادہ فکر توجہ اور محنت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں اقلیتی طبقے کو کمزور کرنے کی کوششیں ہورہی ہے، جس میں حکومت بھی شامل ہے۔ مولانا نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی تعلیم اور تہذیب و تمدن کے لئے فکر مند رہنا چاہیے اور اپنے اختلافات کو اس کی حد سے آگے نہیں بڑھنے دینا چاہیے، مسلم سماج آج اپنے اختلافات کے سبب کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج کا اتحاد قربانی چاہتا ہے اس لئے سبھی کو اپنے حصے کا تعاون کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا جو کام خاموشی سے ہو سکتے ہیں ان کی تشہیر نہ کی جائے، اس سے کئی معاملات خراب ہو جاتے ہیں اور مہم بھی ناکام ہوتی ہے۔

 

غور طلب ہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے تین سالہ ٹرم کے لیے ایک مرتبہ پھر مولانا سید رابع حسنی ندوی کو صدر منتخب کیا گیا جبکہ جنرل سیکرٹری مولانا ولی رحمانی کے انتقال کے بعد سے ان کی جگہ پرمولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو متفقہ طور پر جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا۔

مولانا کلب صادق کے انتقال سے خالی ہوئے نائب صدر کے عہدے کے لیے جمعیت علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی کو اتفاق رائے سے منتخب کیا گیا۔ اجلاس کے دوران مجلس اتحاد المسلمین کے قومی صدر اسد الدین اویسی، جمیعت علمائے ہند کے صدور مولانا سید ارشد مدنی، مولانا سید محمود مدنی، آل انڈیاملی کونسل کے صدر مولانا عبداللہ مغیثی، مولانا کلب جواد، مولانا اصغر امام، مولانا خالد رشید فرنگی محلی، کانگریس رُکن اسمبلی عارف مسعود، مولانا محمود دریابادی، سپریم کورٹ وکیل محمود پراچہ سمیت مسلم پرسنل لاء بورڈ کے دیگر ارکان شامل رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×