احوال وطن

کشمیری زبان کو ترجمہ سروس میں شامل کرنے پر ادبی مرکز نے مائیکرو سافٹ کا شکریہ ادا کیا

جموں وکشمیر کی سب سے بڑی ادبی تنظیم ادبی مرکز کمراز نے کشمیری زبان کو ترجمہ سروس میں شامل کرنے پر مائیکرو سافٹ انڈیا کا شکریہ ادا کیا ہے

سری نگر: جموں و کشمیر کی سب سے بڑی ادبی تنظیم ادبی مرکز کمراز نے کشمیری زبان کو ترجمہ سروس میں شامل کرنے پر مائیکرو سافٹ انڈیا کا شکریہ ادا کیا ہے۔ تنظیم کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہم کشمیری زبان کو ترجمہ سروس میں شامل کرنے پر مائیکرو سافٹ انڈیا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری زبان، جس سے 7 ملین لوگوں کو فائدہ ہوگا، کو ترجمہ سروس میں شامل کرنا ہمارے لئے ایک یاد گار لمحہ ہے۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم مائیکرو سافٹ کے ساتھ زبان کی مزید ترقی کے لئے بھر پور تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں’۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ ہم گوگل ترجمہ سروس میں کشمیری زبان کو شامل کرنے کے لئے گوگل کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہیں اور اس ضمن میں مثبت نتائج متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’تاہم مائیکرو سافٹ ترجمہ سروس میں کشمیری زبان کا شامل ہونا ایک بہت بڑی کامیابی ہے جس کا ہم سب مادری زبان کے ساتھ محبت کرنے والے انفرادی سطح پر بھی اور اجتماعی سطح پر بھی سال 2023 کے اختتام پر ایک تحفے کے بطور جشن منا رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا، ’’ہم پرامید ہیں کہ گوگل ترجمہ سروس میں کشمیری زبان کے شامل ہونے کے سلسلے میں ہماری کاوشیں ثمر آور ثابت ہونے کے ساتھ ہی ایک اور جشن منایا جائے گا۔‘‘ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے سال کے دوران کشمیری زبان کو گوگل ترجمہ سروس میں شامل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ جموں و کشمیر ادبی مرکز کمراز نے سال رواں کے ماہ نومبر میں گوگل کو کشمیری زبان کے تصدیق شدہ رسم الخط نستعلیق کو اپنی ترجمہ سروس میں شامل کرنے کے لئے ایک آن لائن عرضی پیش کی ہے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×