احوال وطن

ممتا بنرجی کو کلکتہ ہائی کورٹ نے22 جنوری کودی ’خیر سگالی ریلی‘ نکالنے کی اجازت

کلکتہ ہائی کورٹ نے جمعرات کو برسراقتدار ترنمول کانگریس کے ذریعہ 22 جنوری کو طے ’خیر سگالی ریلی‘ کو مشروط اجازت دے دی ہے۔ اسی دن ایودھیا میں رام مندر پران پرتشٹھا کی تقریب ہونی ہے جس کی وجہ سے لگاتار بی جے پی لیڈران ممتا بنرجی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ بی جے پی نے عدالت میں عرضی داخل کر کوشش کی کہ ممتا بنرجی کی ’خیر سگالی ریلی‘ 22 جنوری کو نہ نکلے، لیکن انھیں اس کوشش میں ناکامی ہاتھ لگی ہے۔

کلکتہ ہائی کورٹ سے منظوری ملنے کے بعد ترنمول کانگریس نے اپنے لیڈران کو ہدایت دی ہے کہ وہ ’خیر سگالی ریلی‘ میں مذہبی قائدین کی شرکت یقینی بنائیں۔ کولکاتا میں ریلی کی قیادت وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کریں گے جو جنوبی کولکاتا میں ہزارا کراسنگ سے شروع ہونے والی ہے اور وسطی کولکاتا میں پارک سرکس سیون-پوائنٹ کراسنگ پر ختم ہونے والی ہے۔واضح رہے کہ مغربی بنگال میں حزب مخالف لیڈر نے بدھ کے روز کلکتہ ہائی کورٹ میں ایک عرضی دخل کر اس بنیاد پر ممتا کی ریلی کو ملتوی کرنے میں عدالت کی مداخلت کا مطالبہ کیا تھا کہ اس سے ریاست میں نظامِ قانون کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ حالانکہ کلکتہ ہائی کورٹ نے ریلی کے انعقاد کے لیے کچھ شرطیں لگاتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کی عرضی خارج کر دی۔ ریلی کے لیے پہلی شرط یہ ہے کہ اس دوران کوئی ایسا نعرہ یا بیان نہ دیا جائے جس سے کسی کے مذہبی جذبات مجروح ہوں۔ ساتھ ہی کلکتہ ہائی کورٹ نے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ریلی منعقد کرنے والوں کو بھی ہدایت دی ہے کہ مجوزہ خیر سگالی ریلی سے عام ٹریفک رخنہ انداز نہ ہو، خصوصاً ایمبولنس کی آمد و رفت متاثر نہ ہو۔کلکتہ ہائی کورٹ نے 22 جنوری کو پوری ریاست میں سنٹرل آرمڈ فورسز کے جوانوں کی تعیناتی کے مطالبہ پر مبنی اپوزیشن لیڈر کی عرضی کو بھی خارج کر دیا۔ حالانکہ ریاست کے داخلہ سکریٹری اور ریاستی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو یہ یقینی کرنے کے لیے پیش قدمی کی ہدایت دی ہے کہ اس دن مغربی بنگال میں نظامِ قانون کی حالت خراب نہ ہو۔ ریاست کے سبھی ضلعوں میں اسی طرح کی ’خیر سگالی ریلی‘ منعقد کرنے کے برسراقتدار طبقہ کی تجویز پر کلکتہ ہائی کورٹ نے سبھی ضلع مجسٹریٹس اور ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کو یہ جانچ کرنے کی ہدایت دی ہے کہ کیا ایسی ضلع سطحی ریلیاں منعقد کرنے کے لیے مقامی انتظامیہ سے ضروری اجازت طلب کی گئی تھی۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر پروگرام کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوتا ہے تو ریلی کرنے والے ذمہ دار ہوں گے۔ہائی کورٹ سے منظوری ملنے کے بعد ترنمول کانگریس نے مغربی بنگال میں اپنی ضلع سطحی قیادت کو 22 جنوری کو ریاست بھر میں ہونے والی خیر سگالی ریلیوں میں مذہبی لیڈروں کی شراکت داری یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت میں اہم ’خیر سگالی ریلی‘ کولکاتا میں ہوگی اور اسی دن ریاست کے سبھی ضلعوں میں بھی ایسی ہی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ ترنمول کانگریس کے ضلع صدر سبرت بخشی نے ضلع سطح کے لیڈروں سے کہا ہے کہ وہ مذہبی لیڈروں کی شراکت داری یقینی بنائیں اور انھیں سبھی ریلیوں میں پہلی صف میں رکھیں۔ مذہبی لیڈروں سے بھی ریلیاں ختم ہونے پر اپنا پیغام دینے کے لیے کہا جائے گا۔ پارٹی کے ضلعی صدور اور چیئرمین کو اس سلسلے میں تحریری ہدایت بھیج دی گئی ہے اور انھیں اسے بلاک سطح کے پارٹی لیڈران کو بتانے کے لیے کہا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×