احوال وطن

بیروت میں اسرائیل کے حملوں کے دوران حماس کے نائب سربراہ صالح العاروری شہید

اسرائیلی فورسز کے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حماس کے دفتر پر ڈرون حملے میں چار افراد ہلاک جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے ’المنار ٹیلی وژن‘ نے کہا ہے کہ اس حملے میں حماس پولٹ بیورو کے نائب سربراہ صالح العاروری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔حماس نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس کے سینیئر رہنما صالح العاروری اور ان کے دو فوجی کمانڈر لبنان کے شہر بیروت کے علاقے الضاحیہ الجنوبیہ میں قتل کر دیے گئے ہیں۔دوسری جانب لبنانی نیوز ایجنسی (این این اے) نے کہا کہ بیروت کے جنوبی نواحی علاقے میں ہونے والے ’حملے میں چار افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔‘ یہ وہ علاقہ ہے کہ ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کی مضبوط گرفت ہے۔حزب اللہ کے ٹیلی وژن سٹیشن ’المنار‘ نے کہا ہے کہ ہادی نصر اللہ ہائی وے کے قریب ایک چوک میں دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔ یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایک دن قبل ہی حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے خطاب کیا تھا۔برطانوی نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایک عینی شاہد نے کہا ہے کہ یہ شاید ڈرون حملہ تھا جس نے گنجان آباد علاقے میں واقعے اس عمارت کی دوسری منزل کو نشانہ بنایا۔اکتوبر کے اوائل سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے آغاز سے ہی حماس کی حامی تنظیم حزب اللہ اور اسرائیلی فورسز کے درمیان لبنان کی جنوبی سرحد پر جھڑییں ہو رہی ہیں۔اسرائیلی حکام سات اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد بار بار کہتے رہے ہیں کہ وہ لبنان، قطر اور ترکی سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے باہر حماس کے رہنماؤں پر حملے کریں گے۔لبنان میں مقیم 57 سالہ العاروری حماس پولیٹیکل بیورو کے نائب سربراہ تھے اور انہیں مغربی کنارے میں حماس کے عسکری ونگ کا اصل رہنما سمجھا جاتا تھا۔حزب اللہ اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں اور شیلنگ میں اب تک حزب اللہ کے 100 جنگجوؤں جبکہ بچوں سمیت دو درجن کے لگ بھگ شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×