احوال وطن

میوات میں جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے مزیدتین مساجد کی مرمت مکمل

بازار والی مسجد ہوڈل میں فساد کے بعد پہلی بار نماز جمعہ کی ادائیگی

نئی دہلی۸/ستمبر : میوات فسادمیں ۴۱/ مساجد کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ جمعیۃ علماء ہند جو اپنے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی سربراہی میں شروع سے ریلیف بازآبادکاری اور قانونی امداد کا کام کررہی ہے، اس کی کاوشوں سے آج مزید تین مسجدوں کی مرمت مکمل ہوئی۔ آج جمعہ کی نماز کے موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی و دیگر اکابر کے ہاتھوں ان مساجد کا افتتاح عمل میں آیا۔
شاہی جامع مسجد سوہنہ کے افتتاح پر قبلِ جمعہ مولانا شیر محمد امینی نائب صدر جمعیۃ علماء متحدہ پنچاب نے اہم خطاب کیا اور جمعیۃ علماء کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ نماز جمعہ امام مولانا عمران محمد کلیم کاشفی نے پڑھائی۔ ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی نے بعد جمعہ اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ دنیاوی مصائب ہمارے ایمان کا امتحان ہیں، ہمیں صبرو استقامت کے ساتھ اللہ کی طرف رجو ع کرنا چاہیے اور مایوسی سے اجتنا ب کرنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ ہندستان ہمارا وطن ہے،اللہ رب العزت نے ہمیں یہاں پیدا کرکے اس سرزمین کو ہمارے لیے منتخب کیا ہے، اس لیے اس وطن کی تعمیر و ترقی میں ہمیں ہر طرح سے حصہ لینا ہے او ر اسے بلندیوں تک پہنچانا ہے۔جو لوگ ہمیں اس وطن میں کنارہ کرنا چاہتے ہیں وہ نہ کبھی کامیاب ہوئے ہیں،نہ ہوں گے اور نہ کوئی ہمیں اپنے وطن سے جدا کرسکتا ہے۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے حاضرین کو تلقین کی کہ وہ اپنی نسل نو کے ایمان، اخلاق اور بلندی تک پہنچنے کے ان کے اندر موجود جوہر کی حفاظت کریں، اگر آپ نے اسے ضائع کردیا تو نہ صرف آپ کا مستقبل بلکہ پوری ملت اور ملک کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔انھوں نے کہا کہ یہ جمعیۃ علماء ہند کی سوسالہ تاریخ کی عظمت کی نشانی ہے کہ اس نے کبھی بھی مذہب اور فرقہ کو دیکھ کر اپنی پالیسی نہیں بنائی بلکہ اسلام کی سربلندی اور وطن عزیز کی پاسبانی کو اپنا نصب العین بنایا۔
اس مسجد کے علاوہ آج عیدگاہ والی مسجد ہوڈل ضلع پلول کا افتتاح مولانا محمد یحییٰ کریمی ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء متحدہ پنجاب نے کیا، جس کے امام مولانا محمد عابد ہیں جب کہ متولی ادریس پہلوان ہیں۔بازار والی مسجد ہوڈل ضلع پلول کا افتتاح قاری محمد اسلم بڈیڈوی ناظم جمعیۃ علماء میوات نے کیا، اس مسجد کے امام مولانا محمدعمر فاروق ہیں، جب کہ متولی نواب الدین بھائی ہیں۔
اس موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں مولانا محمد عابد امام مسجد عیدگاہ والی ہوڈل نے کہا ہے کہ سب سے پہلے میں جمعیۃ علماء ہند کا شکر گزار ہوں کہ جس دن ہماری مسجد پر حملہ ہوا، اس کے فوراً بعد جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی صاحب کی ٹیم یہاں پہنچی اور انھوں نے بلاتاخیر مسجد کی تعمیر نو کا فیصلہ کیا۔ محض ایک ماہ کے اندر ہماری مسجد دوبارہ آباد ہوگئی اور آج باضابطہ نماز جمعہ ادا کی گئی تو ہم لوگ ان کی حوصلہ افزائی اور امداد کا شکریہ اداکیے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ انھوں نے کہا کہ ہوڈل میں مسلمان بہت اقلیت میں ہیں۔ بازار والی مسجد کے امام مولانا محمد عمر فاروق نے کہا کہ ہم سب لوگ بہت غمگین تھے، ایسے وقت میں جمعیۃ علماء ہند کی ٹیم امید کا فرشتہ بن کر آئی، اس نے نہ صرف یہ کہ مقامی پولس کے تعاون سے مسجد کا معائنہ کیا بلکہ تعمیر نو کا بھی اعلان کیا۔ آج جمعہ کے وقت جب جمعیۃ کے اکابر یہاں آئے اور نماز شروع ہوئی، تو ہم سب کا دل بارگاہ رب العالمین میں شکر و امتنان سے بھر گیاہے۔ ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کے ہمراہ مفتی سلیم ساکرس، ماسٹر قاسم مہوں اور حافظ یامین سوہنہ بھی وفد میں شامل تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×