احوال وطن

جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے ضرورت مندوں میں راشن تقسیم

مسجدوں کے لیے صفیں اور قرآن کریم کے نسخے ہدیہ

نئی دہلی ۲۹؍اگست ۲۰۲۳ ء: جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے میوات کے سوہنہ شہر میں فساد متاثرہ خاندانوں میں ایک سو پچاس راشن کٹس تقسیم کی گئیں جب کہ مساجد کے لیے صفیں، قرآن کریم کے نسخے اور پائیدان وغیرہ مہیا کئے گئے۔واضح ہو کہ میوات فساد میں 14 مساجد پر حملہ ہوا تھا ، جن میں زیادہ تر میں مصلے ، قرآن مجید کے نسخے اور بجلی کا سامان نذر آتش کردیا گیا تھا، بعض مساجد میں تعمیراتی نقصانات بھی ہوئے۔ جمعیۃ علماء ہند کے صدرمولانا محمود اسعد مدنی کی سرپرستی میں دس مساجد کی مرمت کا کام جاری ہے ، اس میں سے سوہنا کی لکڑ شاہ والی مسجد تعمیر نو کے بعد آباد ہوگئی ہے۔
آج سوہنا میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کے ہاتھوں تقریبا ڈیڑھ سو اہل خانہ میں پچیس کلو پر مشتمل ایک ماہ کا راشن تقسیم کیا گیا۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں صبر و استقامت کی تلقین کی اور کہا کہ جمعیۃ علماء بلاتفریق مذہب ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔انھو ں نے کہا کہ بھارت کے سبھی شہری اس مٹی کا حصہ ہیں اور یہی وجہ مشترک ہے ، اس لیے سبھوں کو جوڑنا اور باہمی رواداری کو فروغ دینا جمعیۃ علماء کے اکابر کا مستقل طرز عمل رہا ہے۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کاایک وفد بھی موجود تھا، وفد میں ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کے علاوہ مولانا غیور احمد قاسمی، مولانا ضیاء اللہ قاسمی ، مولانا معظم عارفی قاسمی اور جمعیۃ علماء دہلی سے مولانا اخلاق قاسمی ناظم جمعیۃ علماء شمال مشرقی دہلی،مفتی عارف سکریٹری جمعیۃ علماء مصطفی باد،مفتی محمد محسن نائب صدر جمعیۃ علماء نیا مصطفی باد، امجد کریمی سیکریٹری نیو مصطفی باداور مولانا محمد عامر رشادی موجود تھے۔ مقامی جمعیۃ علماء سے مولانا محمد یحیی کریمی ناظم اعلی جمعیۃ متحدہ پنجاب، مفتی سلیم ساکرس،ماسٹر قاسم مہو ں، قاری محمد اسلم بڈیڈوی، مولانا ناصر حسین زکریا اٹاوری، مولانا صابر مظاہری، حافظ یامین اور امام لکڑشاہ مسجد مولانا طاہر،امام مولانا جمیل والی مسجد مولانا سفیان، امام بارہ کھمبے والی مسجد مولانا کلیم کاشفی بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×