افکار عالم

حرمین انتظامیہ نے حج2022ء کے لیے دس نکاتی آپریشنل پلان جاری کیا

حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے اتوار کو کورونا وبا کے بعد حج 2022 (1443ھ ) کے لیے آپریشنل پلان کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ، امن عامہ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ محمد البسامی بھی موجود تھے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دس نکات پر مشتمل آپریشنل پلان سے سعودی 2030 کے سٹراٹیجک اہداف پورے کیے جائیں گے۔

ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا کہ ’حرمین شریفین انتظامیہ نے گزشتہ حج موسم ختم ہوتے ہی آئندہ حج کے لیے ماسٹر پلان کی تیاری شروع کردی تھی۔
’سال رواں کے آپریشنل پلان میں اس بات کا لحاظ رکھا گیا ہے کہ تمام ادارے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں۔ عازمین حج کی صحت و سلامتی کو سب سے مقدم رکھا جائے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’انتظامیہ نے مسجد الحرام کی تیسری سعودی توسیع کے مصلوں، بیرونی صحنوں اور شاہ فہد والی توسیع کے حصوں کو حجاج کےلیے پوری طرح سے تیار کردیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’خانہ کعبہ کے اطراف والا صحن (مطاف) صرف حجاج کے لیے مختص ہوگا جبکہ مطاف کے تہ خانے اور پہلی و دوسری منزل کے مصلے طواف کی دو رکعت سنت ادا کرنے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں باب ملک عبدالعزیز، باب ملک فہد اور باب السلام حج اور عمرے پر آنے والوں کے لیے خاص ہیں۔ انہی دروازوں سے حج و عمرے پر آنے والے داخل ہوں گے۔ انتظامیہ نے گیٹ نمبر 144 کو نمازیوں کے داخلے کے لیے مختص کیا ہے‘۔
ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا کہ ’انتظامیہ نے عازمین حج کے لیے خدمات کو ڈیجیٹل بنانے کا بھرپور اہتمام کیا ہے اور اس بات کو اہمیت دی گئی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، سمارٹ ایپلی کیشنز، روبوٹس اور بریل سسٹم والے قرآن کریم کے نسخوں کا اہتمام کیا گیا ہے‘۔
السدیس نے کہا کہ ’انتظامیہ نے سمارٹ ایپلی کیشنز اور ای پلیٹ فارمز متعارف کرائے ہیں تاکہ زائرین آسانی سے مسجد الحرام میں اپنا وقت گزارسکیں۔ ڈیجیٹل سہولتوں سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد 160 ملین سے بڑھ چکی ہے‘۔
انہوں نےبتایا کہ ’ہر روز آب زمزم کی 30 لاکھ بوتلیں زائرین کودی جارہی ہیں جبکہ 25 ہزار سے زیادہ زمزم کولرز مسجد الحرام کے تمام حصوں میں رکھے گئے ہیں۔ آب زمزم کی سبیلیں اور موبائل گاڑیاں بھی ہیں۔
انتظامیہ مسجد الحرام کے اندرونی و بیرونی تمام مقامات کی ہر روز دس بار سینیٹائزنگ بھی کرا رہی ہے تاکہ ماحول وبائی جراثیم سے صاف رہے‘۔
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی نے بتایا کہ ’بوڑھے اور معذور عازمین حج کے لیے 1800 سے زیادہ الیکٹرانک وہیل چیئرز کا بندوبست کیا گیا ہے۔ تنقل ایپ کے ذریعےمسجد الحرام پہنچنے سے قبل بکنگ کرائی جاسکتی ہے‘۔
’حج موسم کے دوران الیکٹرانک اور آپریشنل سسٹم کی اصلاح و مرمت کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔500 سے زیادہ انجینیئرز چوبیس گھنٹے آپریشنل اور انجینیئرنگ سسٹم کی نگرانی پر مامور ہیں‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’ زائرین کو دینی اور حج آگہی فراہم کرنے کے لیے درس اور مذہبی استفسارات کے جواب کا بھی بندوبست کیا گیا ہے‘۔
مسجد الحرام میں علمی لیکچرز اور دینی وعظ کا دس زبانوں میں ترجمہ پیش کیا جارہاہے۔ خطبہ عرفات کا فوری ترجمہ دس زبانوں میں دنیا بھر میں نشر کیا جائےگا۔ گزشتہ سال اس سے سو ملین سے زیادہ افراد نے استفادہ کیا تھا‘۔
السدیس نے بتایا کہ ’انتظامیہ نے سعودی نوجوانوں کو رضاکارانہ خدمت کی سہولت بھی مہیا کی ہے۔ انتظامیہ چاہتی ہے کہ رضاکار چار لاکھ سے زیادہ گھنٹے سروس فراہم کریں‘۔
ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا کہ ’انتظامیہ نےعازمین اور زائر کی خدمت ہمارے لیے باعث فخر اعزاز‘ مہم کا آغاز کردیا ہے‘۔
محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ’حرمین شریفین انتظامیہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے زائرین کی خدمت کے حوالے سے جو انتظامات اور تیاریاں کیے ہوئے ہے انتظامیہ کو بھرپور تعاون ملے گا‘۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×