افکار عالم

عمرہ زائرین کا پاسپورٹ گم ہونے پر وہ کیا کریں؟

جدہ: 21؍ستمبر (ارسلان ہاشمی) عمرہ کمپنیوں کی ذمہ داری تھی کہ وہ معتمرین کے پاسپورٹ اپنے پاس رکھیں اور واپس جاتے وقت ایئرپورٹ پر ان کے حوالے کریں تاہم اب وزارت حج کی جانب سے مقامی عمرہ کمپنیوں کو اس کی اجازت نہیں۔
ایسے میں بعض اوقات مملکت آنے والے عمرہ زائرین کے پاسپورٹ گم ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس حوالے سے ’اردونیوز‘ کے استفسار پر وزارت حج نے بتایا کہ وہ عمرہ زائرین جن کا پاسپورٹ گم ہو جائے انہیں چاہیے کہ فوری طورپر بلا کسی تاخیر کے اپنی عمرہ کمپنی کو اس بارے میں مطلع کریں۔
کمپنی کا نمائندہ علاقے کے تھانے میں پاسپورٹ گم ہونے کی رپورٹ درج کرائے گا۔ پولیس رپورٹ کی بنیاد پر عمرہ کمپنی متعلقہ عمرہ زائر کو تصدیق شدہ لیٹر جاری کرے گی جس پر پاسپورٹ کا نمبر، معتمر کی تصویر اور نام و دیگر معلومات درج ہوں گی۔
کمپنی کی جانب سے جاری شدہ لیٹر کو لے کر معتمر اپنے ملک کے سفارت خانے جائے گا جہاں سے انہیں ‘آوٹ پاس’ جاری کیا جائے گا۔ یہ پاس جاری ہونے کے بعد دیگر کام عمرہ کمپنی کے ذمے ہو گا۔
کمپنی کے مقررہ نمائندے اس آوٹ پاس اور پولیس رپورٹ کو لے کر محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ’جوازات‘ سے رجوع کرکے وہاں سے معتمر کے لیے ایگزٹ ویزہ سٹیمپ لگوائیں گے۔
اس ضمن میں وزارت حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ مملکت آنے والے ہر معتمر کو چاہیے کہ وہ اپنے ساتھ پاسپورٹ کی کاپی بھی رکھے تاکہ وقت پڑنے پر کام آئے۔
بعض اوقات ایسے کیس بھی سامنے آتے ہیں جن میں معتمرین کے پاس کسی قسم کا ثبوت نہیں ہوتا کہ وہ کس ملک سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس صورت میں انہیں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سفارت خانے والوں کی جانب سے بھی زور دیا گیا ہے کہ ہر معتمر اپنے ساتھ پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی کاپی یا ایسا ثبوت ضرور رکھے جس سے اس کی شناخت آسان ہو سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×