اسلامیاتمولانا سید احمد ومیض ندوی

ایک نئے کذاب کا فتنہ

دورِ اخیر میں فتنوں کا ظہور ایک ایسی حقیقت ہے جس کی رحمت عالمﷺنے بارہا پیشین گوئی فرمائی ہے، جیسے جیسے قیامت کا زمانہ قریب آتا جارہا ہے فتنوں میں شدت پیدا ہوتی جارہی ہے، یہ در اصل ابتلاء اور آزمائش کا خدائی نظام ہے، سب سے بڑا فتنہ دجال کا خروج ہے؛ لیکن دجالِ اکبر کے خروج سے پہلے مختلف چھوٹے چھوٹے دجال اپنی فتنہ سامانیوں کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔
جھوٹے نبیوں کا فتنہ بھی اُن عظیم فتنوں میں سے ہے جو اُمت کو شدید ہلا کر رکھ دیں گے، مختلف اغراض فاسدہ رکھنے والی ملعون شخصیتیں نبوت کا دعویٰ کرکے عالم اسلام میں بھونچال پیدا کریں گی، اس فتنہ کا سلسلہ عہدِ رسالت اور عہدِ صحابہ ہی سے چل پڑا ہے، مسیلمہ کذاب پہلا ملعون شخص تھا جس نے ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی، حضرات صحابہ کرامؓ نے پوری شدت کے ساتھ اس کی سرکوبی فرمائی، بر صغیر ہندوپاک میں مرزا غلام احمد قادیانی نے بھی نبوت کا دعویٰ کیا ،جس کے خلاف علماء امت کی جانب سے پوری قوت کے ساتھ مہم چلائی گئی، رسول اللہﷺ کی پیشین گوئی کے مطابق یہ سلسلہ قیامت تک جاری رہے گا، گذشتہ ۸؍ نومبر ۲۰۱۸ء کو ملتِ اسلامیہ کی صفوں میں اس وقت ایک بھونچال سا آگیا جب احمد عیسیٰ نامی ایک ملعون نے یوٹیوب چینل پر اپنی نبوت کا اعلان کیا، یہ شخص نبا 7نامی اپنے چینل پر اچانک نمودار ہوا اور اپنی نبوت کا برملا اعلان کیا، احمد عیسیٰ ۸؍ نومبر ۲۰۱۸ء کی اپنی پہلی ویڈیو کلپ میں کہتا ہے:
’’اور یہ جو الکتاب ہے اس میں چیلنج ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت اس کا مثل نہیں لاسکتی اور جو قرآن آپ کے ہاتھوں میں اس میں سب سے زیادہ ذکر میرا ہے، میرا یعنی اللہ کے رسو ل احمد عیسیٰ کا ہے، اگر کوئی الکتاب پڑھتا ہے تو وہ گواہی دینے پر مجبور ہوجائے گا کہ میں اللہ کا رسول ہوں‘‘
آگے اسی ویڈیو کلپ میں احمد عیسیٰ ملعون شانِ رسالت میں سنگین جسارت اور گستاخی کرتے ہوئے کہتا ہے:
’’یہ جو کہا جارہا ہے کہ محمد آخری رسول تھا، محمد آخری نبی ہے، سب کا سب جہالت ہے، بکواس ہے، بالکل بے بنیاد ہے، گمراہی ہے، جس کا حق کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے اور جو کچھ بھی آج ختم نبوت کے نام سے کیا جارہا ہے یہ سب کا سب جہالت ہے، اگر دنیا کی کوئی طاقت محمد کو آخری نبی ثابت کردے تو میں جوسزا کہیں گے بھگتنے کے لیے تیار ہوں، اس میں کھول کھول کر واضح کردیا گیا ہے کہ محمد نہ آخری رسول تھا نہ آخری نبی تھا، آخری رسول تو بہت بعد کی بات ہے،آپ لوگ کہتے ہو کہ محمد ہمارا رسول ہے، محمد آپ کا رسول ہی نہیں ہے، محمد کو آپ کے لیے بھیجا ہی نہیں گیا، محمدنہ تو آپ کی زبان میں تھا نہ تو آپ میں بھیجا گیا اور نہ آپ کے لیے بھیجا گیا، جس کے رسول ہونے کا تم دعویٰ کرتے ہووہ تمہارا رسول ہی نہیں ہے‘‘
احمد عیسیٰ ملعون نے اپنی پہلی ویڈیو کلپ میں اپنی کتاب الکتاب کے بارے میں چینلج کیا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت اس کا رد نہیں کرسکتی۔
احمد عیسیٰ ملعون کا اصل نام عدنان نذیر اراعی ہے جو پاکستان کے صوبہ گجرات کے چناب شہر کے ایک گاؤں کھٹانہ کا رہائشی ہے، یہ ابتداء ہی سے غلط کاریوں میں مبتلا تھا، اس کے گاؤں کے کچھ جوانوں نے اس کے ساتھ غلط کاری کی جس پر اس کے والد نے ان جوانوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی دھمکی دیتے ہوئے ان سے آٹھ لاکھ روپئے وصول لیے، عدنان نذیر عرف احمد عیسیٰ کا والد ریلوے اسٹیشن پر کلفی بیچا کرتا تھا، احمد عیسیٰ کچھ عرصہ کے بعد اسپین چلا گیا اور وہاں قادیانیوں کے ساتھ شامل ہوگیا، اس کے بعد اس کے والد کا انتقال ہوا تو وہ پاکستان واپس چلا آیا، والد کے انتقال پر گاؤں کے امام نے اس کی نماز جنازہ پڑھانے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ شخص قادیانی ہے، پھر ۸؍ نومبر ۲۰۱۸ء کو احمد عیسیٰ اسپین چلا گیا اور وہاں اس نے اپنی پہلی ویڈیو کلپ کو اپلوڈ کیا جس میں اس نے نبوت کا دعویٰ کیا ہے، جب اس کے گاؤں والوں کو اطلاع ملی کہ اس نے نبوت کا دعویٰ کیا ہے تو لوگ اس کے گھر پہونچے جہاں صرف اس کی والدہ اور بہنیں تھیں، پھر لوگ اس کے سسرال لالہ موسیٰ گئے وہاں بھی وہ موجود نہیں تھا، ۱۰؍ نومبر ۲۰۱۸ء کو اس کا بھائی نوید نذیر احمد عیسیٰ کی بیوی اور اس کے بچوں کو لے کر اسپین فرار ہوگیا۔
یہ عدنان نذیر عرف احمد عیسیٰ کذاب کی مختصر روداد ہے، بھلا جو شخص بچپن ہی سے غلط کاریوں میں مبتلا رہا ہو اور جس کاکیریکٹر شروع ہی سے داغدار ہو اسے نبوت سے کیا سروکار ہوسکتا ہے؟ حضرات انبیاء کرام ؑ کا کردار روز اول ہی سے انتہائی بے داغ ہوتا ہے، احمد عیسیٰ در اصل یہودیوں کا آلۂ کار ہے، جو دولت اور شہرت کی خاطر صہیونیوں کی انگلیوں پر ناچ رہاہے، احمد عیسیٰ کے صہیونیوں سے تعلق کا ایک ثبوت یہ بھی ہے کہ اس نے اپنے چینل کا نام نبا7رکھاہے، کہا جاتا ہے کہ عبرانی زبان میں نبا کے معنی پیشین گوئی کرنے والے کے ہیں۔
جہاں تک عقیدۂ ختم نبوت کا تعلق ہے تو وہ اسلام کے مسلمات میں سے ہے، قرآن وسنت اور اجماع امت سے یہ بات بالکل بے غبار ہے کہ حضور ختمی مرتبتﷺ آخری نبی بنا کر بھیجے گئے اور آپ پر نبوت کا سلسلہ ختم کردیا گیا، قرآن مجید صاف اعلان کرتا ہے : مَا کَانَ مُحَمَّدٌ أَبَا أَحَدٍ مِّن رِّجَالِکُمْ وَلَکِن رَّسُولَ اللَّہِ وَخَاتَمَ النَّبِیِّیْنَ وَکَانَ اللَّہُ بِکُلِّ شَیْْءٍ عَلِیْماً. (الاحزاب:۴۰) محمدﷺ تم میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں لیکن وہ اللہ کے رسول اور خاتم النبیین ہیں، نیز ارشاد نبوی ہے : میرے بعد تیس کذاب ظاہر ہوں گے جن میں سے ہر ایک دعویٰ کرے گا کہ وہ نبی ہے، جب کہ میں خاتم النبیین ہوں اور میرے بعد کوئی نبی نہیں ہے۔(ابوداؤد شریف) نبی رحمتﷺ کی ختم نبوت پر دلالت کرنے والی روایات حد تواتر کو پہونچتی ہیں، سورۃ البقرہ کی ابتدائی آیتوں میں متقی بندوں کی صفات کا ذکر کرتے ہوئے یہ تو فرمایا گیا کہ وہ لوگ آپ سے پہلے نازل شدہ آسمانی کتابوں پر ایمان لاتے ہیں اور اس کتاب پر بھی جو آپ پر نازل کی گئی ہے،اگر رسول اللہﷺ کے بعد نبوت کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو اس کے ساتھ یہ بھی کہا جاتا کہ متقی بندے آپ کے بعد آنے والی کتابوں پر بھی ایمان لاتے ہیں، اس کی عدم صراحت دلالت کرتی ہے کہ آپ کے بعد کوئی نبی آنے والا نہیں ہے۔
ملعون احمد عیسیٰ کذاب اپنی ویڈیو کلپ میں اپنی نبوت کو ثابت کرنے کے لیے سارا زور اس بات پر لگا رہا ہے کہ محمد عربیﷺ آخری نبی نہیں ہیں، نیز آپ کو ہندوپاک کے لیے بھیجا ہی نہیں گیا، اس کے الفاظ یوں ہیں:’’محمد نہ آپ کی زبان میں تھا نہ تو آپ میں بھیجا گیا اور نہ آپ کے لیے بھیجا گیا‘‘ ملعون کذاب کو قرآن وحدیث کی تھوڑی سی بھی شدبد ہوتی تو وہ ہرگز ایسی بکواس نہ کرتا، محمد عربیﷺ کا سارے عالم کے لیے بھیجا جانا ایک ایسی حقیقت ہے جس پر قرآن مجید کی دسیوںآیات دلالت کرتی ہیں، ارشاد ربانی ہے: قل یا أیہا الناس إني رسول اللہ إلیکم جمیعا (الاعراف)آپ فرمادیجئے اے لوگو میں تم سب کی طرف اللہ کارسول بنا کر بھیجا گیا ہوں، آیت شریفہ میں الناس اور جمیعا کے الفاظ واضح ہیں اور الناس میں قیامت تک آنے والے انسان داخل ہیں، چاہے وہ کسی بھی ملک کے باشندے ہوں، دوسری جگہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: وما أرسلناک إلا کافۃ للناس بشیرا ونذیرا (سورہ سبأ) ہم نے آپ کو سارے لوگوں کے لیے بشیر ونذیر بنا کر بھیجا ہے، کافۃ للناس کی تعبیر واضح ہے کہ آپ کو سارے انسانوں کا نبی بنا کر بھیجا گیا ہے، اسی طرح سورۃ الانبیاء میں ارشاد ربانی ہے: وما أرسلناک إلا رحمۃ للعالمین.ہم نے آپ کو سارے عالموں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے، سورۃ ا لفرقان کا آغاز یوں کیا گیا ہے: تبارک الذي نزل الفرقان علی عبدہ لیکون للعالمین نذیرا. بڑی بابرکت ہے وہ ذات جس نے اپنے بندے پر الفرقان کو نازل کیا، تاکہ وہ سارے عالم والوں کے لیے ڈرانے والے بنے، پچھلے انبیاء اور نبی آخر الزماں کے درمیان ایک بنیادی فرق یہ ہے کہ پچھلے انبیاء خاص قوم کے لیے اور مخصوص علاقہ اور ایک متعین مدت کے لیے نبی بنا کر بھیجے جاتے تھے،لیکن خداوند قدو س نے جب آخری نبی کو بھیجنے کا فیصلہ فرمایا تو آپ کو ساری انسانیت اور قیامت تک کے لیے نبی بنایا، جب آپ قیامت تک کے لیے سارے انسانوں کے نبی ہیں تو کسی دوسرے نبی کی کیوں کر گنجائش ہوسکتی ہے؟ جہاں تک حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا تعلق ہے تو قیامت کے قریب ان کا نزول ہوگا اور وہ جتنے دن دنیا میں رہیں گے محمد عربیﷺ کی شریعت پر عمل کریں گے۔
ملعون احمد عیسیٰ کذاب کو بہت سے مسلم بھائیوں نے مناظرہ کا چیلنج کیا اور بعد میں اسے انٹرویو کی دعوت دی، لیکن اس کی طرف سے کوئی جواب نہ آیا، ایک طرف وہ اپنی ویڈیو کلپ میں ساری امت مسلمہ کو چیلنج کرتا نظر آتا ہے کہ کوئی اس الکتاب کا رد کرکے دکھائے، یا کوئی محمدﷺ کو آخری نبی ثابت کرے، دوسری جانب جب اس کا چیلنج قبول کرکے جب اسے یوٹیوب لائیو آنے کی دعوت دی جاتی ہے تب وہ خاموش ہوجاتا ہے، بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ داعش کا بندہ ہے اور یہودی تنظیموں کا ایجنٹ ہے، احمد عیسیٰ ایک نارمل انسان نہیں بلکہ وہ ذہنی او نفسیاتی مریض لگتا ہے، اسے خود پتہ نہیں کہ وہ کیا کیا بک رہا ہے، روز اول سے اس کا کردار مشکوک رہا ہے، وہ ایک شریف انسان نہیں ہے، اس کی ویڈیو کلپوں سے پتہ چلتا ہے کہ اس کا علم بھی انتہائی سطحی ہے، ممکن ہے کہ وہ اسلامیات کی دوچار کتابوں کا مطالعہ کررکھا ہو، یا کچھ شخصیتوں کی صحبت میں رہ کر کچھ جانکاری حاصل کرلی ہو، لیکن اس میں فہم کا فقدان اور سمجھ بوجھ کی کمی ہے، اسے مستند علم حاصل نہیں ہے، اس کی کتاب جسے اس نے الکتاب کا نام دیا ہے اول تو اس میں زبان اور گرامر کی بے شمار غلطیاں ہیں، اس پر مستزاد یہ کہ کتاب کا کوئی مرکزی موضوع نہیں ہے، اور یہ بھی پتہ نہیں چلتا کہ وہ کس منہج پ لکھی گئی ہے، نیز یہ کتاب تضادات وتناقضات کا پلندہ ہے، جن بھائیوں نے اسے انٹرنیٹ سے اپلوڈ کرکے پڑھا ہے ان کا تأثر ہے کہ احمد عیسیٰ نے اس میں بے سروپا باتیں لکھی ہیں، خود احمد عیسیٰ کو پتہ نہیں کہ اس نے کتاب میں کیا لکھا ہے؟ بہت سی وہ باتیں جو اس نے الکتاب میں لکھی ہیں اپنی ویڈیو کلپ میں خود ہی ان کی تردید کرتا ہے، ایک طرف وہ محمد عربیﷺ کو نبی تسلیم نہیں کرتا دوسری جانب وہ قرآن مجید سے اپنے لیے دلائل بھی فراہم کرتا ہے، قرآن جس پیغمبر پر نازل ہوا جب اسی کا انکار ہے تو ان پر نازل شدہ کتاب سے استدلال کیسے کیا جاسکتا ہے؟ علاوہ ازیں الکتاب تو قرآن مجید کو کہا گیا ہے، سورہ بقرہ کی پہلی آیت میں ارشاد ہے: ذلک الکتاب لا ریب فیہ لیکن احمد عیسیٰ کذاب نے اس نام کو اپنی کتاب پر چسپاں کردیا، کذاب ملعون کا عجیب معاملہ ہے کہ وہ ایک جانب اپنی ویڈیو کلپ میں الکتاب کو لہرا لہرا کر چیلنج کرتاہے اور کہتا ہے کہ کوئی اس کا رد پیش کرے، لیکن دوسری جانب اس نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ الکتاب کہاں سے چھپی ہے اور اس کے ملنے کا پتہ کیا ہے؟ ایسا لگتا ہے کہ اس نے الکتاب کی پی ڈی ایف کاپی بنالی ہے، صرف ایک نسخہ تیار کرکے اسی کو لہراتا رہتا ہے۔
احمد عیسیٰ ملعون نے قرآن مجید کے تعلق سے بھی بکواس کی ہے، وہ کہتا ہے کہ قرآن صرف تاریخ کی کتاب ہے، اور اس میں آدھی سے زائد میری تاریخ ہے، گویا قرآن مجید میں جس عیسیٰ ؑ کا ذکر ہے وہ میں ہی ہوں، اور مسلمانوں کو جس عیسیٰ ؑ کا انتظار ہے وہ میں ہی ہوں، احمد عیسیٰ نے اپنی جھوٹی نبوت کو ثابت کرنے کے لیے وہی ڈراما رچایا ہے جو غلام احمد قادیانی نے رچایا تھا، وہ بھی خودکو مسیح موعود کہتا تھا پھر بتدریج نبوت کا دعویٰ کرنے لگا، قرآن مجید میں ضرور ایک حصہ ایسا ہے جس میں پچھلی قوموں کے حالات او رحضرات انبیاء کرام ؑ کے واقعات بیان کئے گئے ہیں، لیکن اس کی وجہ سے ساری قرآن کو تاریخ کہنا سراسر غلط ہے،اس کے علاوہ یہ کہنا بھی غلط ہے کہ قرآن کا نصف حصہ حضرت عیسیٰ ؑ کے تذکرہ پر مشتمل ہے، حضرت عیسیٰؑ سے کہیں زیادہ تذکرہ حضرت ابراہیم، حضرت موسیٰ اور حضرت یوسف علیہم السلام وغیرہ کا ہے۔
الغرض احمد عیسیٰ ملعون امت کے لیے ایک نیا فتنہ بن کر ابھرا ہے، علماء امت نے جس طرح ملعون قادیانی کی نبوت کی تردید کی اسی طرح احمدعیسیٰ ملعون بھی بہت جلد گمنام ہوجائے گا، سوشیل میڈیا کا استعمال کرنے والے مسلم نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اس قسم کے ملعون کذاب افراد سے چوکنا رہیں اور اس حقیقت کو ذہن نشیں کرلیں کے کہ نبی رحمتﷺ کے بعد جو بھی نبوت کا دعویٰ کرے گا وہ کذاب اور جھوٹا ہے ۔

Email: awameez@gmail.com
Mob: 09440371335

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×