دنیا بھر سے عمرہ درخواستوں کی وصولی کا آغاز پیر سے ہوگا
ریاض: 8؍اگسٹ (ذرائع) سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ مقامی شہریوں اور مقیم افراد کے علاوہ پیر 9 اگست 2021ء سے دنیا کے مختلف ممالک سے بتدریج عمرے کی درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع ہو جائے گا۔ اس سلسلے میں 60 ہزار معتمرین کی گنجائش رکھی جائے گی اور یہ 8 عملی دورانیے میں تقسیم ہوں گے۔ اس طرح یہ گنجائش ہر ماہ 20 لاکھ افراد کے عمرہ ادا کرنے تک پہنچائی جائے گی۔
وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرے کے پرمٹ "اعتمرنا” اور "توكلنا” ایپلی کیشنز کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔
دوسر جانب نائب وزیر حج و عمرہ عبدالفتاح بن سلیمان مشاط نے واضح کیا ہے کہ عمرہ سیزن کے دوران کسی بھی بس کے اندر گنجائش کے 50% سے زیادہ افراد سوار نہیں ہوں گے۔ اس دوران میں سماجی دوری کا پورا خیال رکھا جائے گا۔
مشاط نے مزید بتایا کہ دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے معتمرین کے لیے عمرہ کمپنیوں ، ہوٹلوں اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معتمرین کے لیے کرونا ویکسی نیشن لازمی شرط ہو گی۔ اس سلسلے میں مملکت آنے والوں کو اپنے ملک کے متعلقہ ادارے کی جانب سے ویکسی نیشن کی تصدیق کا سرٹفکیٹ دکھانا ہو گا۔ یہ امر ضروری ہے کہ سرٹفکیٹ مملکت سعودی عرب کی جانب سے منظورہ کردہ ویکسین کا ہو۔
برائے مہربانی روزنامہ ارسال فرمائیں