حرمین شریفین سمیت مملکت کے تمام ریجنوں میں صلوۃ الاستسقاء کا اہتمام
جدہ: 19؍نومبر (ذرائع) حرمین شریفین سمیت سعودی عرب کے بیشتر شہروں جدہ، نجران، قصیم، مشرقی ریجن، جازان، عسیر، حائل اور دیگر تمام ریجنوں کی بیشتر مساجد میں آج صلوۃ الاستسقا ادا کی گئی۔ حرم مکی میں صلوۃ الاستسقاء امام و خطیب مسجد حرام شیخ ڈاکٹر عبدالله بن عواد الجہنی نے امامت وخطابت کے فرائض انجام دئیے جبکہ مسجد نبویﷺ میں شیخ عبدالباری الثبیتی نے صلوۃ الاستسقاء کی امامت فرمائی۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق نماز استسقا کے اجتماعات میں ریجنوں کے گورنروں سمیت اعلی عہدیدار شامل تھے۔ نماز استسقا کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں ہوا جہاں گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نمازیوں میں پیش پیش تھے۔ مکہ مکرمہ ریجن پولیس کے سربراہ جنرل عید بن سعد العتیبی اور مسجد الحرام فورس کے سربراہ کرنل محمد البقمی بھی موجود تھے۔ نماز استسقا کی امامت مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبد اللہ بن عواد الجہنی میں کروائی اور خطبہ دیا۔ دوسرا بڑا اجتماع مسجدنبوی شریف میں تھا جہاں نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالد الفیصل کے علاوہ گورنریٹ کے اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔ نماز کی امامت شیخ عبد الباری الثبیتی نے کی جبکہ بعد ازاں موثر خطبہ بھی دیا جس میں مسلمانوں کو توبہ و استغفار کی ترغیب دی گئی۔ اسی طرح کا اجتماع ریاض ریجن کے جامع مسجد امام ترکی بن عبد اللہ میں بھی دیکھا گیا جہاں گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بھی موجود تھے۔ نماز استسقا کے اجتماعات ہوئے جن میں مسلمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔