افکار عالم

ملاعبدالغنی برادر کا ویڈیو انٹرویو منظر عام پر، طالبان کے داخلی اختلافات کی تردید

کابل: 16؍ستمبر (ذرائع) طالبان کے عبوری سینئر نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے ایک ویڈیو انٹرویو میں اپنے زخمی ہونے اور طالبان میں اندرونی اختلافات والی خبروں کی تردید کر دی ہے۔

افغانستان کے سرکاری ٹی وی کی جانب سے لئےجانے والے ٹی وی انٹرویو میں ملا برادر کا کہنا تھا کہ "میرے زخمی ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں میں بالکل ٹھیک اور صحت یاب ہوں۔”

ان کا مزید کہنا تھا کہ "کچھ میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبان میں اندرونی خلفشار ہے مگر ایسا ہرگز نہیں۔ ہمارے درمیان کسی قسم کا جھگڑا نہیں ہوا۔” ملا برادر نے عوام کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ "کوئی پریشانی والی بات نہیں۔”

ملا برادر نے کہا کہ قطر کے وزیر خارجہ جس وقت افغانستان آئے تھے ہمیں ان کی آمد کا علم نہیں تھا اسی لیے ہم سفر پر چلے گئے تھے اور ایک ایسی جگہ تھے جہاں سے فوری طور پر کسی بات کا جواب دینا ممکن نہیں تھا۔

ملابرادر نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں طالبان نے حکومت بنانے میں بڑی جدوجہد کی ہے ایسے میں ہمارے درمیان لڑائیوں اور اختلافات کا دور تک بھی تصور نہیں ہے۔ یہ محض میڈیائی پروپیگنڈہ ہے جس کی ہم سختی سے تردید کرتے ہیں۔

اس سے قبل طالبان کے ثقافتی کمیشن کے ایک رکن نے اعلان کیا تھا کہ افغان سرکاری ٹی وی آر ٹی اے کے توسط سے ملا برادر کا انٹرویو دکھایا جائے گا جس میں "دشمن کے پراپیگنڈا” کو جعلی ثابت کیا جائے گا۔ طالبان حکام نے ملا برادر کے زخمی ہونے کی خبروں کی بارہا تردید کی ہے۔

خبروں کے مطابق ملا برادر اور ان کے حامیوں کا طالبان میں شامل حقانی نیٹ ورک کے حامیوں سے تصادم ہوا تھا جس کے بعد وہ زخمی ہوگئے تھے۔ان خبروں کو اس وقت مزید جلا ملی جب ملا برادر قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی کو ملنے والے افغان وفد میں شامل نہیں تھے۔

ملا برادر نے وضاحت کرتے ہوئے انٹرویو میں بتایا کہ "قطری وزیر خارجہ کے دورے کے وقت وہ قندھار کے دورے پر تھے اور دورے کی پہلے سے اطلاع نہ ہونے کے سبب وقت پر واپس نہیں آ سکے۔

اس سے قبل بدھ کے روز طالبان کی عبوری کابینہ میں نامزد وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے چھوٹے بھائی انس حقانی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں تحریک طالبان میں کسی اندرونی خلفشار کی رپورٹس کو رد کر دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×