افکار عالم

مکہ معظمہ کے علاوہ سعودی عرب کی تمام مساجد میں جمعہ اور باجماعت نماز کی مشروط اجازت

ریاض: 27؍مئی (ذرائع) سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور  نے مکہ مکرمہ کی مساجد کے سوا باقی تمام مساجد میں با جماعت نماز اور جمعہ کی نمازوں کی ادائی کی مشروط اجازت دے دی ہے۔

العربیہ کے مطابق سعودی عرب کےوزیر مذہبی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ مکہ معظمہ کی مساجد کے سوا ملک کی تمام مساجد میں نماز جمعہ اور با جماعت نمازوں کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ اس حوالے سے حکومت کی طرف سے مساجد میں نماز اور عبادت کے لیے نئی ہدایات تیار کی ہیں۔ مساجد کو اذان سے پندرہ منٹ قبل کھولا جائے گا اور فرض نماز کی ادائی کے 10 منٹ کے بعد مساجد کو بند کردیا جائے گا۔ اذان اور اقامت کےدرمیان 10 منٹ کا وققہ ہوگا۔ نمازوں کی ادائی کے دوران مساجد کے تمام دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں گی۔ عارضی طور پر مساجد سے قرآن پاک کے نسخے اور کتب اٹھا لی گئی ہیں۔

نئی ہدایات کے تحت دو نمازیوں کے درمیان دو نمازیوں کی جگہ خالی چھوڑی جائے گی جب کہ دو صفوں کے درمیان ایک صف خالی رکھی جائے گی۔ مساجد کے تمام واٹر کولر بند کردیے جائیں گے۔ مساجد میں کسی قسم کے کھانے پینے کی اشیا تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نمازوں کے ادائی کے دوران مساجد کی وضو گاہ کو بند رکھا جائے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وضو گھروں سے کرکے مساجد میں آئیں۔

سعودی وزیر برائے مذہبی امور آل الشیخ کی ہدایت کے مطابق جمعہ کی نماز کے لیے مساجد میں احتیاطی تدابیر کے تحت نماز جمعہ سے صرف 20 منٹ قبل اذان دی جائے گی۔ مساجد کو نماز جمعہ سے 20 منٹ قبل کھولا اور نماز جمعہ کے 20 منٹ بعد بند کردیا جائے گا۔ خطبہ جمعہ صرف 15منٹ دینے کی اجازت ہوگی۔

مساجد میں ہرطرح کے دینی اور تعلیمی درس وتدریس اور تحفیظ القرآن کا سلسلہ تا اطلاع ثانی بند رہے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×