افکار عالم

غیر ملکی زائرینِ حرمین کی آمد پر سعودی عرب نے عارضی طور پر پابندی عائد کردی

جدہ: 27؍فروری (بی بی سی؍عصر حاضر) سعودی عرب نے دنیا کے متعدد ممالک میں پھیلنے والے کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے طور پر محکمہ صحت کی سفارشات کے پیشِ نظر عمرے کی غرض سے ملک میں غیرملکیوں کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ٹوئٹر پر جمعرات کو ایک پیغام میں بتایا کہ عمرے اور مدینہ میں واقع مسجد نبوی کی زیارت کے لیے سعودی عرب میں داخلے پر عارضی طور پر پابندی عائد کی گئی ہے ’تاکہ لوگوں کی حفاظت کی جا سکے۔‘ یہ بھی کہا گیا ہے کہ کووِڈ 19 انفیکشن سے متاثرہ ممالک کے شہریوں کو سیاحتی ویزے پر بھی سعودی عرب داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔

https://twitter.com/KSAmofaEN/status/1232807887480803333/photo/1

 

ادھر شہر حیدرآباد اور ممبئی کے عازمین عمرہ کو ممبئی اور حیدرآباد ائیرپورٹ سے ہی واپس لوٹنا پڑا‘ کل رات بارہ بجے سے پہلے جتنے فلائٹ وہاں پہنچ چکے تھے صرف انہیں حرمین میں حاضری کا موقع دیا گیا‘ اس کے بعد جدہ ائیرپورٹ پہنچنے والے قافلوں کو واپس لوٹا دیا گیا‘ حیدرآباد‘ ممبئی‘ بنگلور‘ دہلی ‘ کلکتہ اور ملک کے دیگر مقامات سے عمرہ کے لیے جانے والے زائرین کو روک دیا جارہا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے اپنے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ ایسے ممالک کا دورہ نہ کریں  جہاں کورونا وائرس پھیل رہا ہے۔  دوسری طرف حکام نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ فی الحال سعودی شہریوں کو ہمسایہ ممالک جانے یا ان سے واپس آنے کے لیے پاسپورٹ کی جگہ قومی شناختی کارڈ استعمال کرنے نہیں دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 اب تک 38 ممالک تک پھیل چکی ہے۔ کئی ابتدائی کیسز چین میں ووہان کے ایسے بازار سے جوڑے گئے جہاں جانوروں کا گوشت ملتا تھا۔ چین میں اب تک کورونا وائرس سے 78 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 2700 ہلاک ہوئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ہر روز کورونا وائرس کے نئے کیس اب چین سے باہر بھی سامنے آ رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×