افکار عالم

حرمِ مکی میں لکڑی کی پالکیوں سے الیکٹرک گاڑیوں تک ‘طواف کعبہ’ کا سفر

مکہ مکرمہ: 2؍ڈسمبر (ذرائع) گزرتے زمانہ کے ساتھ خانہ کعبہ کی زیارت کے لیے آنے والے اللہ کے مہمانوں کی سہولیات میں اضافہ ہوتا رہا ہے۔ ایک وقت تھا کہ عمر رسیدہ بزرگ اور معذور عازمینِ حج و عمرہ کو لکڑی کی بنی پالکیوں پر اٹھا کر طواف کرایا جاتا اور آج سہولتیں اس قدر مہیا ہوگئی ہیں کہ اس کی جگہ الیکٹرک گاڑیوں نے لے لی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق پرانے دورمیں خانۂ کعبہ کے گرد طراف کے دوران اکثر’ لکڑی کی الشبریہ’ کی آوازیں سنائی دیتیں۔ الشبریہ لکڑی سے بنی ایک پالکی ہوتی جس میں معذور اور عمر رسیدہ عازمین کو بٹھا کر طواف کرایا جاتا۔ الشبریہ میت اٹھانے کے لیے استعمال کی جانے والی چارپائی کی شکل کی ہوتی اور اسے خصوصی طور پر معذور اور معمر عازمین حج وعمرہ کے طواف کے لیے استعمال کیا جاتا۔ دوسرے عازمین الشبریہ میں بیٹھے شخص کو اپنے کندھوں پر اٹھا لیتے۔ الشبریہ کو خوبصورت ڈیزائن اور مختلف رنگوں میں بھی تیار کیا جاتا تھا۔ ان پر ریشم اور روئی کے کپڑے بچھائے جاتے۔ بعض الشبریہ سرخ اور کچھ سبز رنگ کی ہوتیں۔ عام طور پر ایک الشبریہ کو چار کونوں سے چار افراد اٹھاتے۔
سعودی مورخ اسماعیل البرکاتی کا کہنا ہے کہ پرانے دور میں طواف کے دوران اکثر ‘خشب’ یعنی لکڑی سے تیار کردہ الشبریہ کی آوازیں سنائی دیتیں۔ آوازیں لگانے کا مقصد پیدل چلنے والے عازمین حج وعمرہ کو راستے سے ہٹانا ہوتا۔
ان کا کہنا ہے کہ اہل مکہ الشبری کو ‘الشباری’ بھی کہتے اور یہ انڈونیشی لکڑی سے تیار کی جاتی تھی۔ جو مضبوط ہوتی اور اس پر زیادہ وزن ڈالا جاسکتا تھا۔
مگر اب الشبریہ کی جگہ الیکٹرک گاڑیاں ہیں۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ نے مسجد حرام اور طواف کعبہ میں 10 ہزار ایسی الیکٹرک تیار کر رکھی ہیں جو عمر رسیدہ اور معذور عازمین حج کے طواف کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔
مسجد حرام میں بھی الیکٹرک وہیل چیئر 15 مقامات پر فراہم کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی معذور یا عمر رسیدہ شخص کو نقل و حرکت کے لیے فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×