افکار عالم

حرمین شریفین سمیت مملکت کے تمام شہروں میں صلوۃ الاستسقاء کا اہتمام

مکہ مکرمہ: 31؍اکٹوبر (ذرائع) حرمین شریفین سمیت سعودی عرب کے مختلف شہروں میں آج جمعرات کو بارش کے لیے نمازِ استسقاء کا اہتمام کیا گیا۔  سعودی پریس ایجنسی کے مطابق بارش کے لیے ادا کی جانے والی نماز کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں ہوا جہاں کعبۃ اللہ کے پہلو میں امام وخطیب شیخ ڈاکٹر بندر بن عبد العزیز بلیلہ نے امامت کراوئی اور بعد ازاں خطبہ دیا۔
گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل اور گورنریٹ کے اعلی عہدیدار صفِ اول میں کھڑے دکھائی دئیے۔  یاد رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں آباد تمام لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ جمعرات کو بارش کے لیے خصوصی نماز ادا کریں۔ بارش کے لیے خصوصی نماز کا دوسرا بڑا اجتماع مسجد نبوی شریف میں ہوا جہاں شیخ احمد بن طالب بن حمید نے صلوۃ الاستسقاء ادا کروائی اور خطبہ دیا۔  نائب گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سعود بن خالد الفیصل سمیت گورنریٹ کے عہدیدار موجود تھے۔ شاہ سلمان کی ہدایت پر نمازِ استسقاء ریاض، جازان، عرعر، جدہ، دمام اور الخبر کے علاوہ تمام شہروں میں ادا کی گئی۔  واضح رہے کہ اسلام نے اپنے پیرو کاروں کو ہدایت کی ہے کہ جب وہ خشک سالی میں مبتلا ہوں تو نمازِ استسقاء یعنی بارش کے لیے خصوصی نماز ادا کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×