افکار عالم

ذی الحجہ کے بابرکت مہینے کا آغاز، ہر کوچۂ و بازار اور ہر راہ و منزل میں بآواز بلند تکبیر مستحب عمل

مکہ مکرمہ: 2؍اگسٹ (عصر حاضر) شیخ نے اپنے خطاب کا آغاز حمد و ثنا سے کیا اور حجاج کرام سے خطاب کرتے ہوئےفرمایا کہ”آپ حضرات اپنے رب کی نداء پر لبیک کہہ کر یہاں حاضر ہوئے ہیں،آپ نے اہم ترین فریضہ کی ادائیگی کا عزم کیا ہے؛تاکہ اپنے فوائد حاصل کریں اور قربانی کےمقررہ دنوں کے اندر اللہ کا نام لیں!”
آپ حضرات قابل مبارک باد ہیں کہ آپ کو اس مقام بلند تک رسائی حاصل ہوئی جہاں اللہ کا قابل عظمت گھر ہے،مقام ابراہیم اور بیرزم زم ہے،حجر اسود اور ملتزم ہے،مشعر حرام اور منی و عرفات ہے،جہاں آنسو بہائے جاتے ہیں،مرتبے بلند ہوتے ہیں،معاصی کی بخشش ہوتی ہے،اور اللہ آپ کی طاعات وحسنات کو قبول فرماتا ہے ۔
انہوں نے اپنے خطبہ میں یہ بھی فرمایا کہ اس امت پر اللہ کا بہت بڑا احسان ہے کہ اس نے ہمیں عبادت کے لیے مختلف موسم عطا کیے ان ہی میں ذی الحجہ کے ابتدائی دس یوم بھی ہیں ،یہ نہایت قابل عظمت دن ہیں،جن کی اللّٰہ رب العالمین نے قرآن مجید میں قسم کھائی اور رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ان میں ہرقسم کی عبادت اور ہر نوع کی طاعت پر ابھارا جیسے نماز ،روزہ،صدقہ ،تلاوتِ قرآن،والدین کی فرماں برداری،رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی،غم زدوں کی غمخواری، ضرورت مندوں کی حاجت برآری وغیرہ ان کے علاوہ بھی طاعت کی مختلف اقسام میں حصہ لیں !
ان دس دنوں کے عظیم الشان اعمال میں سب سے نمایاں عمل "حج بیت اللہ” ہےجو اسلام کا بنیادی رکن اور گناہوں سے مغفرت کا وسیلہ اور سبب ہے۔
شیخ معیقلی نے اس بات کی بھی وضاحت فرمائی کہ ان ہی مبارک ایام میں یوم عرفہ بھی ہے،اسی دن اللہ تعالی نے اولاد آدم سے عھد و میثاق لیاتھا، اسی دن اللہ تعالیٰ بندوں کو جہنم سے آزاد فرماتے ہیں اور ان کے قریب ہوجاتے ہیں پھرفرشتوں کےسامنے فخر کے طور پر فرماتے ہیں کہ یہ لوگ مجھ سے کیا چاہتے ہیں؟
شیخ محترم نے یوم النحر اور قربانی کے دن سے متعلق بھی متعدد فضائل بیان فرمائے اور کہا کہ یہ دن دنیا کا سب سے بہترین دن ہے،اللہ کے نزدیک سب سے محبوب ترین دن یہی ہے،اس دن وہ قربانی کی عبادت بھی انجام دی جاتی ہے جو حضرت ابراہیم کا اسوہ ہے اور پچھلی قوموں میں بھی اللہ نے اسے مشروع رکھا ہے۔

شیخ نے خطبہ کے اختتام میں فرمایا کہ مسلمان ان بابرکت ایام کے دوران ہر کوچۂ و بازار اور ہر راہ و منزل میں بآواز بلند تکبیر کا اہتمام کریں !
اللہ أکبر اللہ أکبر لا إلہ إلا اللہ واللہ أکبر اللہ أکبر وللہ الحمد․

نوٹ: قابل ذکر بات یہ ہے کہ ادارہ لغات و ترجمہ کی جانب سے  امام حرم کے اس عربی خطبہ کوچھ دیگر زبانوں میں منتقل کرنے کا کام کیا جاتا ہے ‘ اس مرتبہ چینی زبان میں بھی اس کا ترجمہ کیا گیا نیز انگریزی‘ فرانسیسی ‘ اردو‘ اور ملاوی زبان وغیرہ میں بھی اس کو نشر کیا جاتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×