افکار عالم

حجاج کرام ادب و احترام‘ ایک دوسرے سے محبت ومودت کے ساتھ مناسک حج ادا کریں: امام کعبہ شیخ سدیس

مکہ مکرمہ: 29؍جولائی (عصر حاضر) امور حرمین کے نگرانِ عمومی،امام حرم مکی شیخ عبدالرحمن السدیس نے جمعہ کے دن مسجد حرام میں لاکھوں اسلامیان عالم کےحسین و قابل دید اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: لیجیے !ہم ایک بار پھر اُس مشہور موسم اور اُن مخصوص ایام کا استقبال کرنے جارہے ہیں جو حج کا موسم کہلاتا ہے، جو در حقیقت نیکیوں کا خزینہ،خیرات و طاعات کا سرچشمہ اور چند در چند فوائد و منافع کا وسیلہ ہے۔
اس بابرکت زمانے کے لیے بس کچھ ہی دن باقی رہ گئے ہیں پھر اس کے بعد عازمین حج اپنے اس اہم فریضہ کو ادا کرنے کےلیے نکل کھڑے ہوں گے جو اسلام کے ارکان میں پانچویں اہم ترین رکن کی حیثیت رکھتا ہے۔
خوش آمدید ان حجاج کرام کےلیے جو اس بلد امین کے قاصد ہیں اور جنہوں نے اپنا گھر بار اور مال و متاع چھوڑ کر اتنا طویل وعریض سفر کیا ہے۔
شیخ سدیس نے سلسلۂ کلام جاری رکھتے ہوئے فرمایا کہ ائے حاجیوں!اب آپ حرمین کے پاکیزہ ماحول میں آچکے ہیں،آپ کے دل، اداء مناسک کےلیے بےچین و بے قرار ہیں آپ کی ذمہ داری ہے کہ ایک دوسرے کے ادب و احترام اور ایک دوسرے سے محبت ومودت کا لحاظ کرتے ہوئے تعاون و تناصر اور اطمینان وسکون کے ساتھ ایک ایک رکن ادا کریں ۔
اور یاد رکھیں اللہ تعالیٰ نے اس خِطّہ کو قیامت تک کےلیے امن و امان کا خطہ قرار دیا ہے سو جس کسی نے اس کی پر امن فضا کو مکدر کرنے کی ناپاک کوشش کی اللہ رب العزت نے اسے سخت عذاب کا مزا چکھایا۔
خطیب محترم نے فرمایا کہ آپ تمام حضرات حرمین شریفین کے ان خدام و ملازمین کا خصوصی تعاون کریں جنہیں آپ کی خدمت پر مامور کیاگیا ہے اور جنہوں نے پوری محنت و جاں فشانی کے ساتھ نظام کو ترتیب دیا اور نظم و نسق کو بحال رکھنے کا بیڑا اٹھایا۔
آپ تصور کریں!انہیں اس انتظام انصرام کے لیے کن کن مراحل سے گزرنا پڑا،راحت وآرام کی کتنی قربانی دینی پڑی اور اپنے آپ کو کتنا تھکانا اور گھلانا پڑا تب کہیں جاکر اتنے عمدہ اور بہترین نتائج سامنے آئے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×