افکار عالم

عازمینِ حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا

مکہ مکرمہ: 24؍جولائی (ذرائع) وزارت حج و عمرہ کے اعلی عہدیداروں اور محکمہ شہری ہوابازی کے تعاون سے عازمینِ حج کا پہلا قافلہ جمعہ کو مکہ مکرمہ پہنچ گیا۔ رواں سال فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کے القصیم سے آنے والے پہلے قافلے کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر خیر مقدم کیا گیا۔
وزارت حج و عمرہ کے مطابق تمام متعلقہ اداروں نے اس سال حج کرنے والوں کی خدمت کے لیے انتظامات مکمل کرلیے۔ سیکیورٹی، صحت اور مختلف اداروں نے جامع عملی پروگرام پر عمل درآمد کا آغاز کردیا۔

یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے مکہ مکرمہ میں عازمین حج کو ٹھہرانے کے لیے انتظام کرلیا ہے جہاں وہ منی جانے سے قبل قیام کریں گے۔ 4 ذی الحجہ سے 8 ذی الحجہ تک ہوٹل میں رہیں گے۔ ہر عازم حج کے لیے ایک ایک کمرہ ہے۔کمرے میں آب زمزم کی سینیٹائز بوتلوں سے لے کر سنیکس، پھلوں اور مٹھائیوں کی باسکٹوں سمیت ناشتے ، ظہرانے اور رات کے کھانے تک کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ دریں اثنا مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے منی، مزدلفہ اور عرفات میں آپریشنل پلان جاری کردیا ہے۔
اتھارٹی کے ترجمان جلال کعکی نے بتایا کہ ہمارا سارا زور کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پر ہے۔
کعکی نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمرات کے پل (وہ مقام جہاں شیطانوں کو کنکریاں ماری جاتی ہیں) کی اصلاح ومرمت اور اسے استعمال کرنے کے طور طریقوں کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ تمام سسٹمز چیک کرلیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ سی سی کیمروں کے روم موثر ہیں۔ حاجیوں کے قافلوں کو منظم کرنے اور حج مقامات پر صفائی کی سکیمیں تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے آپریشنل پلان کے تحت العزیزیہ اور الشعبین کو جمرات کے پل سے جوڑ دیا گیا ہے۔ الشعبین اور العزیزیہ پروجیکٹ کے ذمہ دار سیکیورٹی اداروں سے رابطے میں ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×