افکار عالم

سعودی عرب: عسیر صوبے کے ضلع احد رفیدہ میں طوفانی بارش کے بعد نادر و دلکش مناظر دیکھنے میں آرہے ہیں

عسیر: 12؍مئی (ذرائع) سعودی عرب میں موسلادھار طوفانی بارشوں کے بعد عسیر صوبے کے ضلع احد رفیدہ میں گہری کھائی میں واقع گاؤں الحبلہ میں نادر و دلکش مناظر دیکھنے میں آرہے ہیں۔ اس حوالے سے فوٹوگرافر رشود الحارثي نے مذکورہ ضلعے کے گاؤں "الحبلہ” میں آبشار اور جھرنوں کی دل موہ لینے والی تصاویر اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کی ہیں۔ یہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

العربیہ کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے الحارثی نے بتایا کہ "الحبلہ” گاؤں عسیر صوبے کے پہاڑی علاقے میں واقع ہے۔ یہ موسلادھار بارشوں کے موقع پر خوب صورت ترین مقامات میں شمار ہوتا ہے۔

الحبلہ ایک قدیم گاؤں ہے۔ اس کے جغرافیائی محل وقوع  نے گاؤں کی آبادی کو زمین کے ایک ٹکڑے میں الگ تھلگ کر دیا ہے۔ یہ رقبہ ایک مربع کلو میٹر سے کچھ کم ہے۔ اس زمین کی قدرتی ساخت نے یہاں کے لوگوں کو مجبور کر دیا کہ وہ اپنی ضرورت کی غذائی اشیاء پہنچانے کے لیے رسّی کو بطور ذریعہ استعمال کریں۔ اس طرح پہاڑوں پر چڑھنا ،،، بیرونی دنیا کے ساتھ رابطے کا واحد طریقہ بن گیا۔

رشود نے مزید بتایا کہ الحبلہ گاؤں ایک گہری کھائی میں واقع ہے۔ یہ گہرائی 170 سے 300 میٹر کے درمیان ہے۔ یہاں کے لوگ گاؤں سے باہر جانے اور واپس آنے کے واسطے رسّی کا استعمال کیا کرتے تھے۔ اسی طرح وہ سامان اور بنیادی ضرورت کی اشیاء کی منتقلی کے لیے بھی رسی کو استعمال میں لاتے تھے۔ عربی میں رسی کو الحبل کہتے ہیں لہذا اس کے استعمال کی وجہ سے گاؤں کا نام الحبلہ پڑ گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×