اسلامیات

مذہب اسلام کی تذلیل کاخاتمہ اتحاد ہی سے ممکن!!

ہم مسلمان ہیں، ہم نے اپنا معبود حقیقی صرف خدائے وحده لا شریک له کو  تسلیم کیا ہے، ہم نے اس بات کا بھی سچے دل سے اقرار کیا ہے، کہ جب سے یہ دنیا قائم ہے خدائے لم یزل نے اس کرہ ارضی میں اپنی عبادت و اطاعت کے لیے وقفے وقفے سے  تقریبا  کم و بیش ایک لاکھ  چوبیس ہزار انبیاء کرام کو مبعوث فرمائے ہیں، جن میں کا اول صورتاحضرت آدم۔ علیہ الصلاۃ والسلام ۔تھے اور آخر صورتا، اول حقیقتا حضرت سرور کونین محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم تھے، جن پر اب رہتی دنیا تک کے لیے نبیوں اور رسولوں کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے، فرمان نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے:أناخاتم النبيين لانبي بعدي. میں  آخری نبی ہوں،  میرے بعد اب کوئی نبی آنے والا نہیں ہے،میرے بعد  اگر کوئی نبوت کا دعویٰ کرتا ہے ،تو وہ اپنے دعویٰ میں جھوٹا ہے، اس کی تکذیب کرو تصدیق   ہر گز مت کرو!۔
   ہمیں اللہ اور اس کے آخری محبوب نبی سرور کائنات محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم اور ان  پر نازل کردہ آخری کتاب "قرآن مجید”( جو بھٹکے ہوئے، غلط راہ رو انسانوں ،صراط مستقیم کے طلب گاروں کے لئے نور ہدایت ہے)سے نیز دیگر شعائر اللہ سے بے پناہ عقیدت و محبت ہے، جب تک ہمارے بدن میں جان ہے، جسم کے ہر ہرعضو سے اللہ کی وحدانیت و معبود حقیقی ہونے  اور فخر کائنات محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت اور "قرآن مجید” کےمنزل من الله  ہونے کا اقرار بھی کرتے رہیں گے، زبان و قلم کے ذریعے اشاعت اسلام کا فریضہ بھی انجام دیتے رہیں گے۔
    اگر کوئی بدبخت ہمارے "معبود "کے خلاف”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم "کے خلاف "قرآن مجید” کے خلاف "صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین” کے خلاف زبان طعن دراز کرے گا، یاکچھ لکھے گا ،تو ہم اسے ہرگز ہرگز برداشت نہیں کریں گے،  اے دشمنان اسلام غور سے سن لے!اگر حفاظت اسلام کے لئے "جان "کی ضرورت پڑے گی تو جان "خون”  کی ضرورت پڑے گی تو خون "اولاد "کی ضرورت پڑے گی تو اولاد، الغرض ہر اعلی سے اعلی اور ادنیٰ سے ادنیٰ  چیز کو بسروچشم قربان کر دیں گے؛ مگر مذہب اسلام کی معمولی اہانت وتذلیل  قطعی برداشت نہیں کریں گے، کیوں کہ "دین اسلام” کی سربلندی میں ہماری سربلندی ہے اور اس کی تذلیل درحقیقت ہماری تذلیل ہے، اگر "دین اسلام” محفوظ ہے، توپھر ہم بھی محفوظ ہیں ،اگر وہ محفوظ نہیں تو ہم بھی محفوظ نہیں، جئیں گے تو اسلام کی سربلندی کے ساتھ؛ ورنہ پھر اشاعت دین کی خاطر جان جان آفریں کے حوالے سپرد کر دیں گے۔
    یادرہے! کہ ملک ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے، یہاں ہر مذہب کے ماننے والوں کو مکمل آزادی اور اختیارکلی ہے کہ وہ اپنے مذہب کے مطابق آزادانہ زندگی بسر کریں اور اپنے مذہب کے تمام ہی مقتضیات پر عمل کریں ،کسی کو یہ قطعی  اجازت نہیں ہے کہ وہ کسی دوسرے مذاہب کی تحقیر یا تذلیل و توہین کرے، اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو وہ قانونا جرم عظیم کا مرتکب سمجھا جاتا ہے، اور اس کے خلاف حکومت ہند سخت ایکشن بھی لیتی رہی ہے؛ مگریہ  چند سالوں سے:یعنی جب سے بی جے پی کی  حکومت برسراقتدار آئی ہے ،اسی وقت سے اب جمہوریت ختم ہوتی سی معلوم ہورہی ہے، نہ ہی  اب ہندوستان میں "اسلام "محفوظ ہے اور نہ ہی  مسلمانوں کی "جان و مال” اور” شعائر اللہ”، اب توجو چاہتا ہے بلادریغ مذہب اسلام کی توہین کر ڈالتا ہے اور افسوس کہ موجودہ حکومت یا تو بالکلیہ اس کے خلاف ایکشن ہی  نہیں لیتی ہے ،یا لیتی بھی  ہے تو بہت کچھ معاملات کےوقوع کےبعد۔
    اسی سلسلے کی ایک کڑی یہ بھی ہے :کہ حال ہی میں ایک ممبر اسمبلی اکھنڈشری نواس مورتی کےبھانجے”نوین” نامی شیطان لعین ،بداقبال وبد نصیب شخص نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں "اہانت آمیز جملہ "سوشل میڈیا :یعنی "فیس بک "پر پوسٹ اور وائرل کیا تھا ،جس  سے مسلمانوں کو سخت صدمہ ہوا تھا۔
     شان رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں "اہانت آمیز جملہ "سے ہرمرد مومن کارنجیدہ اور ملول ہونا،یہ تو ان کے کامل مومن ہونے  کی علامت ہے ؛کیوں کہ ہم اس وقت تک سچے  اور پکے بل کہ معمولی بھی مومن نہیں ہوسکتے، جب تک ہمارے افکار و قلبوب میں عظمت رسول اور عشق  رسول صلی اللہ علیہ وسلم موجزن نہ ہو،  جب اس دنیائے فانی کایہ  نظام ہے کہ ہرادنی محبوب و معشوق کی تذلیل و تحقیر سے ہرادنی محب وعاشق کارنجیدہ دل اور کبیدہ خاطر ہونا ایک فطری بات ہے،تو جب معمولی  محبوب و معشوق کی تذلیل سے معمولی محب وعاشق  کا کبیدہ خاطر ہونا ایک فطری بات ہے، تو کیا غیر معمولی اور عظیم محبوب  و معشوق کی شان اقدس کی تذلیل  وتحقیرسے غیر معمولی اور عظیم محب وعاشق :یعنی ہرفرد مومن کا رنجیدہ دل  ہونا یہ ایک فطری بات نہیں ہے؟ بل کہ یہ تو اور فطری بات ہے، حقیقت تو یہ ہے کہ اگر کسی مرد مومن کو تکلیف نہیں ہوئی ہے تو وہ مومن و مسلم ہی نہیں ہے، اسے چاہئے کہ وہ  اپنے ایمان کی تجدید کریں۔
    کرناٹک کے شہر بنگلور کے” نوین ” نامی ملعون و مردود شخص کے  شان رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں "اہانت آمیزجملہ ”  فیس بک پر وائرل کرتے ہی مسلمانوں میں غم و غصے کا ماحول اوراس خبیث سے انتقام کا جذبہ پیدا ہو گیا، اسی انتقامی کارروائی کے لیے مسلم نوجوانوں نے بہ روز منگل بتاریخ 11/اگست 2020ء کی رات "گستاخ نوین ” کے خلاف برہمی وناراضگی اور احتجاج ظاہر کرنے کے لیے رکن اسمبلی کے گھر پہنچے جہاں کافی ہنگامہ ہوا، اور دیکھتے  ہی دیکھتے میں ماحول بالکل خراب ہوگیا،تومجبورا( بغیر فائرنگ کے اس مشتعل بھیڑ کو قابو اور کنٹرول میں کرنے کی بظاہر ساری صورتیں مفقود ہونے کی وجہ سے)فائرنگ کردی، جس سے 3افراد کی موت ہو گئی اور کئی افراد زخمی بھی ہوگئے، الغرض سانحہ بنگلور  فرقہ وارانہ تشدد کی ایک کھلی تصویر تھی، جس نے بڑے پیمانے پر تباہی و بربادی مچائی، اس کے ساتھ ہی ساتھ فرقہ وارانہ میل  ملا پ کی ایک انوکھی مثال بھی دکھائی دی ،اس حادثے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہی ہے۔
    سوال یہ ہے کہ جمہوری ملک ہندوستان میں آئے دن مذہب اسلام اور مسلمانوں کی برملا تذلیل و تحقیر کیوں کی جاتی ہے ؟کیا ہندوستانی اڑتیس کڑوڑمسلمانوں میں اتنی طاقت و قدرت نہیں ہے ،کہ  وہ مذہب اسلام کی توہین اور اس کے خاتمے کے خواہاں ملعون ابو جہل کے ذہنی و فکری ہم خیال رفیقوں کی  زبان و قلم پر دائمی قدغن لگا سکے؟ یا صرف یہ کہہ کر کہ ہم مسلمان ابھی اقلیت میں ہیں ،سکوت اورخاموشی ہی ہمارے لئے زیادہ موزوں ہے؛ اس لیے ہم اہانت رسول صلی اللہ وسلم اور مسلمانوں کی تذلیل پر خاموش ہو جائیں؟۔
     ان سارے سوالات کا جواب  بس یہی ہے کہ آج اغیار ہمارے دین اسلام کی تذلیل و تحقیر علانیہ یا خفیہ طور پر صرف اس لئے کر رہا ہے کہ ہماری صفوں میں اتحاد و اتفاق نہیں ہے، ہم اپنی محفلوں اور مجلسوں میں اسلام اور مسلمانوں کے جانی اور مالی دشمنوں کو مدعو کرنا تو پسند کرتے ہیں ،مگر ایک سچے، پکے اور جید عالم دین کو  محض مسلکی  ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سےپسند نہیں کرتے ہیں، اور دشمنان اسلام ہیں کہ وہ ہماری مجلسوں میں آکر بظاہر ہمارے رنجیدہ اور شکستہ قلوب  کو تسلی دے کر ہماری اوقات کو بھانپ  لیتے ہیں، پھر یہ ہمارے خاتمے کے لیے طرح طرح کی تدبیریں اختیار کرنے لگتے ہیں، اور افسوس کہ ہمیں  اس کا علم تک بھی نہیں ہو پاتا ہے، کہ یہ  سب کچھ انہیں مار آستین کی کارستانیوں کا نتیجہ ہے، تو پھر کیا ہماری تذلیل و تحقیر نہیں کی جائے گی؟ تو کیا تعظیم و توقیر کی جائے گی ؟بالکل تذلیل و تحقیرہی  کی جائےگی۔
    اگر ہم چاہتے ہیں کہ باعزت وپرامن زندگی بسر کریں اور مذہب اسلام ،شعائر اللہ کی پھر کبھی تحقیر و تذلیل نہ ہو ،تو ہمیں جملہ احکامات خداوندی پر عمل کرنے اور مرضیات رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے موافق زندگی بسر کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق قائم کرناہوگا، مسلکی اختلافات اور آپسی ناچاقی کو برطرف کرکے ہمیں باہم متحد و متفق ہونا پڑے گا اور بالکل  ہی سابقہ جملہ اختلافات کو نسیامنسیا کردیناپڑےگا اور اس طرح ہو جانا پڑے گا کہ کبھی خیال و تصور میں بھی یہ بات نہ آئے کہ زندگی میں کبھی ہمارے مابین کسی طرح کا کوئی اختلاف رہا ہے، تب ہی جاکر ہمیں  اپنے مقصد میں کامیابی مل سکتی ہے اور ہم اسلام کی سربلندی کے ساتھ زندگی بسر کر سکتے ہیں،ورنہ ہرگزنہیں!!۔
 اور اگر کسی کے دل و دماغ میں یہ  خیال بھی آتا ہے کہ باوجود آپسی اختلافات کے حکومت خود قدغن  لگائے گی ، تو یہ ایک طرح کا محض خیال ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہاں اگر ہم متحد ہو گئیں  تو بس ہمارے اتحاد ہی سے توہین و تذلیل پر خود بخود قدغن  لگ جائے گی، البتہ حکومت بھی اس اتحادسے فائدہ اٹھاتے ہوئے بغرض سرخروئی کچھ  سرگرمی دکھائےگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×