ممبئی: یکم اکتوبر (اے این ایس) ممبئی میں سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے مراٹھی پترکار سنگھ کے زیراہتمام منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابری مسجد انہدامی کیس کا فیصلہ قانون کی نظر میں بھی درست نہیں ہے اور وہ اس فیصلے کے دن کو سیاہ دن کے طور پر مانتے ہیں۔جج صاحبان بھی انسان ہیں بھگوان نہیں۔ اعظمی نے کہا کہ کسان مخالف قوانین کے خلاف سماج وادی پارٹی احتجاج کرے گی۔ ملک کی جانچ ایجنسیاں مودی اور شاہ کے اشارے پر کام کر رہی ہیں۔ اعظمی نے کہا کہ اترپردیش میں جب سے بی جے پی برسر اقتدار ہے قانون کی حکمرانی ختم ہوگئی ہے اور یوپی جنگل راج میں تبدیل ہو گیا ہے۔ ملک کی معیشت تباہ و برباد ہو چکی ہے پورا ملک سرمایہ دارانہ نظام اڈانی اور امبانی کے قبضے اور غلامی کی طرف بڑھ رہا ہے اس لئے اس سرکار کو بے دخل کرنا ہوگا۔کورونا سے معیشت تباہ ہو گئی ہے لیکن حکومت کی اس پر کوئی توجہ نہیں ہے۔ اصل ایشوز سے لوگوں کی توجہ ہٹائی جا رہی ہے۔ میں اٹھاولے اور پرکاش امبیڈکر کو متحد ہونے کی دعوت دیتا ہوں۔ تمام جماعتیں متحد ہو جائیں کیونکہ دو گجراتیوں کے آنے سے ملک کی ترقی پر گہن لگ گیا ہے۔اس موقع پر سماجوادی پارٹی کے جنرل سکریٹری معراج صدیقی اور ایس پی کے ترجمان عبدالقادر چودھری بھی موجود تھے۔