بارش سے متاثرہ علاقوں میں صفا بیت المال سے غذائی پیکٹس کی تقسیم

حیدرآباد: 14؍اکتوبر (پریس نوٹ) گزشتہ دو تین دن سے مسلسل بارش نیز ۱۳ ؍اکتوبر کو شدید موسلادھار بارش کی وجہ سے شہر حیدرآباد کے بیسیوں علاقے شدید متاثر ہوگئے۔ سڑکیں تالاب کا نظارہ پیش کرنے لگیں اور سلم علاقوں کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا۔ ہزاروں لوگ اپنے مکانات میں پھنس گئے۔ صفا بیت المال کے قومی صدر مولانا غیاث احمد رشادی نے ٹرسٹیانِ صفابیت المال کے مشورہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں موجود اپنے نمائندوں کو فون کرتے ہوئے رپورٹ حاصل کی اور اپنے اپنے علاقوں میں صفا بیت المال کی جانب سے پانی میں محصور افراد کے لئے کھانے کا نظم کرنے کی ہدایات دی۔ صفدر نگر میں مولانا عامر عتیق صاحب، تالاب کٹہ میں حافظ خالد صاحب، حکیم پیٹ کنٹہ میں حافظ مشتاق صاحب، غازی ملت کالونی میں وثیق الرحمن صاحب ، ریاست نگر میں حافظ عبدالغفار صاحب، وادیٔ مصطفی میں مولانا رفیع حنیف قاسمی ، حافظ بابا نگر میں مولانا مظہر الدین شمشیری صاحب نے متاثرہ افراد میں کھانے کی پیکٹس کی تقسیم کی نگرانی کی اور اپنے رفقاء کی معاونت سے کھانا تقسیم کیا۔ حافظ مبشر خان اور مولانا معاذ احمد صاحب کی نگرانی میں شہر کے مندرجہ ذیل علاقوں میں بھی کھانے کے پیکٹس تقسیم کئے گئے: سندرنگر، کاچیگوڑہ، شنکر نگراورچادرگھاٹ وغیرہ۔ بعض علاقوں میں چھوٹے بچوں کے لئے دودھ کے پیکٹس کی تقسیم بھی عمل میں آئی۔ مندرجہ ذیل افراد نے سینکڑوں افراد تک کھانے کے پیکٹس اور دودھ کی تقسیم میں عملاً تعاون کیا:حافظ صابر، عبدالروف، انعام الحق، ابرار، خواجہ پاشاہ، شمس الدین، محسن، محمد محسن، تسلیم اور امجد وغیرہ۔

Exit mobile version