من کی بات میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے عوام کو ہورہی پریشانی پر وزیر اعظم نے کی معذرت خواہی

نئی دہلی: 29؍مارچ (عصر حاضر) وزیر اعظم نریندر مودی نے ریڈیو سے نشر اپنے ماہانہ پروگرام’من کی بات‘  میں کہا کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو بحران میں ڈال دیا ہے اور اس کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ملک میں لاک ڈاﺅن کرنا پڑا جس کی وجہ سے بہت سے لوگوں خاص طور سے غریبوں کو دشواریوں کا سامنا ہو رہا ہے۔ لہٰذا میں ان سے معذرت خواہ ہوں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کوروناوائرس کے انفیکشن کو روکنے کیلئے نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن سے ہوئی پریشانی کیلئے لوگوں، خاص کر مزدوروں اور کم آمدنی والے لوگوں سے اتوار کومعافی مانگتے ہوئے ملک واسیوں  سے کورونا کو ہرانے کیلئے ڈاکٹروں کی صلاح ماننے اور لاک ڈاؤن کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کو لیکر من کی بات کے معاملے میں  پی ایم مودی نے کہا کہ بحران کی اس گھڑی میں  ہمیں غریب ، بھوکے لوگوں کی مدد کرنی چاہئے۔ یہ ہماری تہذیب و ثقافت ہے۔

پی ایم مودی نے من کی بات کے دوران یہ بھی کہا کہ یہ زندگی اور موت کی جنگ ہے اور کورونا وائرس کو ہرانا ہے ،اس کے لئے وقت پر لاک ڈاﺅن کا فیصلہ لینے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا اس لیے یہ قدم اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاﺅن سخت قدم ہے لیکن اگر یہ قدم نہیں اٹھایا جاتا تو بحران مزید تیزی سے بڑھتا۔ اس بیماری کے انفیکشن سے نجات کا یہی ایک طریقہ تھا۔

نریندر مودی نے کہا کہ اس اقدام سے غریب بہت متاثر ہوا ہے۔ ان کے سامنے بڑا بحران پیدا ہوا ہے لیکن کورونا وائرس  ہرانا ہے تو سخت قدم ضروری ہے۔ وقت پر لوگوں کو بچانے کے لئے یہ فیصلہ ضروری تھا لہٰذا لاک ڈاﺅن کیا گیا۔ اس اقدام کی وجہ سے غریب زیادہ پریشان ہیں لہذا ان سے معافی مانگتا ہوں۔

Exit mobile version