مولانا خالد سیف الله رحمانی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے قائم مقام جنرل سکریٹری مقرر

لکھنؤ: 6؍اپریل (عصرحاضر) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سابق جنرل سکریٹری حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانیؒ کے انتقال کے بعد ان کی جگہ بورڈ کے سکریٹری و ترجمان مولانا خالد سیف الله رحمانی کو قائم مقام جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ بورڈ کے صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی دامت برکاتہم نے ارکانِ مجلس عاملہ کے نام خط لکھ کر یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا مولانا ولی رحمانی کے اچانک انتقال کو ہم سب بڑا سانحہ محسوس کرتے ہیں آپ حضرات کو بھی یہی صدمہ ہوا ہوگا۔ الله تعالی ان کے درجات کو بلند فرمائے۔ ضرورت اور کام کے تقاضوں کے لحاظ سے قائم مقام جنرل سکریٹری کی تعیین کی فوری ضرورت ہے بورڈ کا انتخابی جلسہ چند ماہ میں ہونے والا ہے جنرل سکریٹری کا اصل انتخاب اسی جلسہ میں ہوگا۔ فی الحال عارضی طور پر میں بہ حیثیت صدر مولانا خالد سیف الله رحمانی کو قائم مقام جنرل سکریٹر مقرر کرتا ہوں۔ بورڈ کا دفتر ان سے رابطہ رکھے اور حسبٍ معمول ان کے مشورے سے کام کرے۔

Exit mobile version