امتِ مسلمہ حضرات صحابہؓ کی زندگی کو اپنے لئے آئيڈیل اور نمونہ بنائیں

کریم نگر: 18/اکٹوبر (پریس ریلیز) مسجد زم زم کشمیر گڈہ کریم نگر میں نمازِ جمعہ سے قبل عظمت صحابہؓ اور مقام حضرت امیر معاویہؓ” کے عنوان سے خطیب بے باک شعلہ بیان مقرر حضرت مولانا خواجہ کلیم الدین صاحب اسعدی مد ظلہ العالی ناظم جامعہ صدیقیہ فیض العلم کریم نگر ونائب صدرجمعیةعلماء تلنگانہ و آندھرا کا ایمان افروز خطاب ہوا۔ جس میں مولانا نے قرآن وحدیث کی روشنی میں صحابہؓ کرام کی عظمت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی حکومت میں صحابہؓ کی شان میں گستاخی کرنے والے کی سزا واجب القتل ہے نیز صحابہؓ کی علمی خدمات اور کارناموں کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام، قرآن، ترجمۂ قرآن، تفسیرِ قرآن، پیدائش سے وفات تک کے سارے مسائل، میاں بیوی کے حقوق، شادی شُدہ و غیر شادی شُدہ کے مسائل اور دین کے سارے احکام ہم تک پہنچانے والے صحابہؓ کرام ہی کی جماعت ہے۔ مزید صحابہؓ کی جانثاری، دین پر استقامت اور قربانیوں کو موثر انداز میں بیان کرتے ہوئے "حضرت حبیب بن زیدؓ” کا دلوں کو دہلادینے والا واقعہ بیان کیا کہ "مسیلمہ کذاب” نے حبیب بن زیدؓ کو قید کرکے بڑے مظالم ڈھائے ، آپ کو زمین پر لٹاکر ہاتھ، پیر، ہتھیلی، گھٹنے، پیشانی حتیٰ کہ زبان پر کیلا مارا گیا تو حلق سے ہوتے ہوئے زمین میں دھنس گیا جسم خون سےلَت پَت ہوگیا اور سارا جسم آپؓ کا زمین سے پیوست ہوگیا پہر بھی "مسیلمہ کذاب” کے ظلم کو برداشت کرتے رہے بالآخر "مسیلمہ کذاب” کے جان کی بخشش، مال ودولت دینے اور علاج و معالجہ کی پیشکش کرنے کے باجود حضرت حبیب بن زید ؓ اپنی جان اللہ کے حوالے کردی مگر ختم نبوت کے عقیدہ پر مضبوطی کے ساتھ جمے رہےاور منحرف نہیں ہوئے،نیز موجودہ دور میں مختلف انداز میں خصوصاً سوشل میڈیا میں حضرت امیر معاویہؓ کی شان میں گستاخی کرنے کا جو سلسلہ چل پڑاہے، اس سلسلہ میں مولانا اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ حضرت امیر معاویہؓ عظیم المرتبت صحابی ہونے کے ساتھ آنحضرت ﷺ کے زوجہ مطہرہ حضرت ام حبیبؓہ کے خاص بھائی، حضرت ابو سفیانؓ کے بیٹے اور کاتب وحی تھے۔علاوہ ازیں کسی بھی صحابی سے عداوت،دشمنی اور ہر طریقے کی تنقید سےاپنے آپ کو بچائیں، اپنے خطاب کے آخر میں مولانا خواجہ کلیم الدین اسعدی مد ظلہ العالی نے کہا کہ صحابہؓ کی قربانیاں اللہ تعالٰی کی محبت میں تھی، صحابہؓ کی سیرت کا مطالعہ کریں، اور اپنے بچوں کو صحابہؓ کی زندگی اور ان کے کارناموں سے واقف کرائیں،صحابہؓ معیار حق ہیں صحابہؓ کی سیرت و زندگی کو اپنے لئے آيڈیل اور نمونہ بنائیں۔
Exit mobile version