فضلاء اسلام کی ترویج و اشاعت کے لئے میدان عمل میں آئیں

دیوبند،27؍ فروری(سمیر چودھری) حسب روایت عظیم دینی درسگا ہ دارالعلوم وقف دیوبند میں جلسۂ انعامیہ کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے کی۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میںکہا کہ ہر دور میںزمانوں کے چیلنجز کے دفاع کے لئے اللہ تعالیٰ افراد تیار فرماتے ہیں، موجودہ دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ نے آپ کو منتخب فرمایا ہے۔ آپ ملت کا قابل افتخار سرمایہ ہیں۔ ملت کی نگاہیںآپ پر ٹکی ہیں،آپ زمانے کے مسائل کو سمجھیں۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اکابر کے علوم و معارف اور ان کے نکات آفریں مضامین کا مطالعہ کریں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے اندر اعتدالِ فکر پیدا کریں۔ اس موقع پر انہوں نے ناشرین کتب کا ان کے گراں قدر تعاون پر شکریہ بھی ادا کریا۔ دارالعلوم وقف دیوبند کے صدر المدرسین و ناظم تعلیمات مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیشہ اپنے علمی وقار کو پیش نظر رکھیں، علم دین ایک جہد مسلسل جذبہ اصلاح اور ملی و قومی دردمندی سے عبارت ہے۔ آپ امت کے سامنے ایک ایسے مذہبی نمائندے کے طور پر سامنے آئیں جو ہر طرح کی تنگ نظری،جمود اور تشدد سے یکسر پاک ہو۔ آج جب کہ بین الاقوامی میڈیا کے ذریعہ نت نئے مذہبی قضیے چھیڑ کر اسلام کو دقیانوس اور رجعت پسند ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایسے میں آپ کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ آپ حفاظت اسلام کا بیڑہ اٹھاتے ہوئے میدان عمل میں آئیں۔ انہوںنے دفتر تعلیمات کی سالانہ کارکردگی پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی۔انہوں نے آئندہ تعلیمی سال سے جاری ہونے والے شعبہ تخصص فی الفقہ والافتاء ( سال دوم ) کے آغاز کا بھی باضابطہ اعلان کیا۔قبل ازاں پروگرام کا آغاز قاری محمد واصف کی تلاوت سے ہوا، نظامت کے فرائض مفتی محمد احسان قاسمی نے انجام دئیے۔ اس موقع پر تمام طلبہ کو بیش قیمتی کتب بطور انعام دی گئیں، جن میں تمام درجات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو خصوصی وامتیازی اور نقدانعام جب کہ سالانہ امتحان میں کامیاب تمام طلبہ کو عمومی انعام سے نوازا گیا۔ ساتھ ہی مولانا محمد سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند کی جانب سے تمام درجات میں پورے سال صد فیصد حاضر باش طلبہ اور تکمیل افتاء وحجۃ الاسلام اکیڈ می میں داخل تمام طلبہ کو خصوصی انعام سے سرفراز کیا گیا۔اس موقع پر ملک میں امن و امان بالخصوص دہلی متأثرین کے لئے دعاء کا بھی اہتمام کیا گیا۔

Exit mobile version