Site icon Asre Hazir

درجنوں کتابوں کے مصنف و معروف عالم دین مولانا یوسف اصلاحی کا انتقال

اعظم گڑھ: 21؍دسمبر (رحمن پاشا/نیوز 18) مشہور عالم دین مولانا یوسف اصلاحی کا آج بروز منگل 21 دسمبر 2021 کو انتقال ہوگیا ہے۔ انتقال کی خبر عام ہوتے ہی ملی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انتقال سے کئی دن قبل انھیں عارضہ قلب اور سانس کی تکلیف کی وجہ سے مرادآباد کے ایک اسپتال میں شریک کیا گیا تھا۔ مولانا یوسف اصلاحی کا شمار عالم اسلام کے مایہ ناز علما میں ہوتا ہے۔ آپ کی لکھی گئی کتابیں برصغیر ہند و پاک، امریکہ، یورپ اور دیگر ممالک میں بڑی شوق سے پڑھی جاتی ہے۔

ADVERTISEMENT

مولانا یوسف اصلاحی جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شورہ اور مجلس نمائندگان کے رکن تھے۔ ایک زمانے میں جماعت اسلامی نے جو تصنیفی ادارہ قائم کیا تھا، اس سے بھی مولانا وابستہ تھے۔ بعد میں وہ ادارہ جب رام پور سے علی گڑھ منتقل ہوگیا تو مولانا اس سے علاحدہ ہوگئے۔ مولانا یوسف اصلاحی رام پور سے جاری ہونے والے مشہور رسالہ ماہنامہ ذکریٰ کے مدیر تھے۔ جو اب بھی دہلی سے شائع ہوتا ہے۔

ملی خدمات:

سکریٹری شعبہ اسلامی معاشرہ، جماعت اسلامی ہند و معروف عالم دین ڈاکٹر مولانا رضی الاسلام ندوی نے نیوز 18 اردو سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا یوسف اصلاحی کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔ انھوں نے مولانا یوسف اصلاحی کے صاحبزادہ ڈاکٹر سلمان اسعد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مولانا اصلاحی کا انتقال آج صبح 1:15 بجے ہوا۔ ڈاکٹر سلمان اسعد نے بتایا کہ تدفین بعد آج بعد نماز عصر 4:30 بجے مولانا کے وطن رام پور میں ہوگی۔

مولانا یوسف اصلاحی لڑکیوں کا مشہور مدرسہ جامعۃ الصالحات (بانی مولانا ابوسلیم عبدالحئی) کے ناظم رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کی رام پور میں مرکزی درس گاہ اسلامی کمیٹی کے مجلس منتظمہ کے صدر تھے۔ مولانا مرحوم کی ایک اہم کتاب آسان فقہ دو جلدوں میں ہے، جو کہ عام فہم انداز میں لکھی گئی ہے۔

آداب زندگی:

مولانا یوسف اصلاحی کی کتاب ’’آداب زندگی‘‘ کو تو عالمی شہرت حاصل ہے۔ جو کہ اب تک لاکھوں کی تعداد میں شائع ہوچکی ہے۔ آداب زندگی کا دنیا کی کئی بڑی زبانوں میں ترجمہ ہوچکا ہے۔ خود مولانا یوسف اصلاحی کے الفاظ میں ’’آداب زندگی میں اسلامی تہدیب کے اصول و آداب کو معروف تصنیفی ترتیب کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش کی گئی ۔ کتاب اللہ، اسوۂ رسول اور اسلاف کے زندۂ جاوید آثار کی رہنمائی اور اسلامی ذوق و مزاج کی روشنی میں زندگی کا سلیقہ سکھانے والا مجموعہ مرتب کیا گیا ہے۔ جو پانچ اہم ابواب باب اول سلیقہ و تہذیب، باب دوم حسن زندگی، باب سوم تزین معاشرت، باب چہارم دعوت دین اور باب پنجم احساس عبدیت پر متتمل ہے۔ ان پانچ ابواب کے تحت زندگی کے تقریبا سارے ہی پہلووں سے متعلق اسلامی آداب کو سہل اور سادہ زبان میں پیش کیا گیا ہے‘‘۔
مولانا کی دیگر کتابیں:

۔ قرآنی تعلیمات
۔ تذکیر القرآن (تفسیری سورۂ یٰسین)
۔ تذکیر القرآن (تفسیر سورۃ الصف)
۔ درس قرآن
۔ مطالعہ قرآن کیوں اور کس طرح؟
۔ قرآن کو سمجھ کر پڑھئے
۔ قرآن کیوں پڑھیں اور کیسے پڑھیں؟
۔ تفہیم الحدیث
۔ گلدستۂ حدیث
۔ شمع حرم
۔ حدیث رسولﷺ
۔ رسولؐ کی تعلیم
۔ حضرت محمد رسولؐ اور انسان
۔ اخلاص نیت
۔ ہمارے حکمراں اور ان کی ذمہ داریاں
۔ مقدمہ حشر کے تین وکیل
۔ ہردور کے فتنوں کا علاج قرآن مجید
۔ آسان فقہ، اول، دوم
۔ حج اور اس کے مسائل
۔ مختصر احکام حج
۔ حج وعمرہ گائیڈ
۔ داعیِ اعظمؐ
۔ ذکر رسولﷺ
۔ روشن ستارے
۔ راہ حق کے دو مسافر
۔ حضرت عبداللہ ابن مبارک
۔ آداب زندگی
۔ خاندانی استحکام
۔ حسن معاشرت اور اس کی تکمیل میں خواتین کا حصہ
۔ اسلامی معاشرہ اور اس کی تعمیر میں خواتین کا حصہ
۔ تعمیر معاشرہ کی بنیادیں
۔ اللہ کا پیغام (حیدرآباد میں ۱۳ دن)
۔ جاپان اور پیغام حق
۔ صحیح تصور دین
۔ دین کیا ہے؟
۔ اسلام پیروی رسولﷺ
۔ یاد دہانی
۔ داعیان اسلام سے
۔ ختم نبوت قرآن کی روشنی میں
۔ عقیدہ ختم نبوت اور تقاضے
۔ مسائل اور ان کا حل
۔ برائیوں کے طوفان میں آپ کیا کریں
۔ قیادت کے اوصاف اور امت کی ذمہ داریاں
۔ شعور حیات (اول،دوم و سوم)
۔ عزت کی زندگی اور ہندوستانی مسلمان

Exit mobile version