سری لنکا میں سیاسی کشیدگی کے بعد سعودی عرب کے سفارت خانے نے ملک میں موجود سعودی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں ہونےوالے مظاہروں اور کشیدگی کےمقامات سے دور رہیں۔ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
سعودی عرب کے سفارت خانے کی جانب سے سری لنکا میں موجود شہریوں سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی حالت میں 0094722229966 اور 0094112682087 فون نمبروں پر اطلاع دیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی شہری کولمبو میں ہونے والے مظاہروں سے دور رہیں۔
خیال رہے کہ سری لنکا میں عوامی احتجاجی مظاہروں کے بعد وزیراعظم مہندا راجا پکشے نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ سبکدوش وزیراعظم کے ترجمان روہن ویلویٹا کے مطابق پرتشدد مظاہروں میں 78 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
وزیراعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ 76 سالہ تجربہ کار سیاستدان نے اپنے عہدے سے استعفادے دیا ہے اور انھوں نے اپنا استعفا صدرگوتابایا راجاپکشے کو بھیج دیا ہے۔
انہوں نے اپنے استعفا کے خط میں لکھا ہے کہ وہ عبوری، اتحادی حکومت کی تشکیل میں مدد کے لیے عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ متعدد متعلقہ فریقوں نے موجودہ بحران کا بہترین حل عبوری کل جماعتی حکومت کی تشکیل کوقراردیا ہے۔اس لیے میں نے عہدے سےاستعفا دے دیا ہے تاکہ آئین کے مطابق اگلے اقدامات کیے جا سکیں۔