نئی دہلی: 31؍دسمبر (عصرحاضر) کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے ہفتہ کو کہا کہ اپوزیشن کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے خلاف لڑنے کے لئے متحد ہونا چاہئے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن متحد ہو کر آپسی تال میل کے ساتھ مقابلہ کرتی ہے تو 2024 میں بی جے پی کو مشکل پیش آئے گی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن کو بی جے پی کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہونا چاہئے اور حکمت عملی تیار کرنی چاہئے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ بہت سی ہم خیال جماعتیں چاہتی ہیں کہ ہندوستان میں ہم آہنگی قائم ہو۔ میں جانتا ہوں کہ اکھلیش یادو اور مایاوتی ہندوستان کو نفرت سے آزاد کرنا چاہتے ہیں اور ملک میں ہم آہنگی چاہتے ہیں۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ بی جے پی کو شکست دینے کے لیے ایک نظریاتی ڈھانچہ ہونا چاہیے اور اسے صرف کانگریس فراہم کر سکتی ہے۔ انہوں کہا ’’مثال کے طور پر، اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی کی پوزیشن ہے لیکن اس کا نظریہ کیرالہ اور کرناٹک میں کام نہیں کرے گا۔ اپوزیشن لیڈروں کا احترام کرتے ہوئے صرف کانگریس ہی قومی نظریہ پیش کر سکتی ہے۔‘‘ راہل نے مزید کہا ’’میں چاہتا ہوں کہ وہ (بی جے پی اور آر ایس ایس) ہم پر جارحانہ حملہ کریں، اس سے کانگریس پارٹی کے نظریہ کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ ایک طرح سے میں انہیں اپنا سرپرست سمجھتا ہوں، وہ میری رہنمائی کر رہے ہیں، مجھے سکھا رہے ہیں کہ کیا نہیں کرنا چاہیے!‘‘ اپنی بھارت جوڑو یاترا کے بارے میں بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ اس کا مقصد محبت اور پیار پھیلانا اور نفرت کو مٹانا ہے۔ یہ یاترا 3 جنوری کو دوبارہ شروع ہوگی اور اتر پردیش میں داخل ہوگی، جس کے بعد یہ ہریانہ، پنجاب اور جموں و کشمیر کا سفر طے کرے گی۔
بی جے پی کو شکست دینے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو قومی نظریہ پیش کرنا ہوگا: راہل گاندھی
ADVERTISEMENT