حیدرآباد: 4؍اپریل (پریس ریلیز) مولانا غیاث احمد رشادی منیجنگ ٹرسٹی منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا کی راست نگرانی میں حیدرآباد اور سکندرآباد کے سلم علاقوں میں قائم 70 مراکز نسوان میں یکم رمضان تا تیس رمضان ’’ رمضان کورس‘‘ کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں مولانا غیاث احمد رشادی صاحب کی تحریر کردہ چار کتابیں پڑھائی جائیں گی، (۱) ہم ماہِ رمضان میں کیسے رہیں؟ (۲) ہم زکوٰۃ کس طرح ادا کریں؟ (۳) رمضان المبارک کوئز (۴) عام فہم درس قرآن کا خصوصی حصہ (سورہ ضحی تا سورہ ناس) ۔ واضح ہوکہ ان 70 مراکزِ نسوان میں 1600 سے زائد خواتین روزانہ دو گھنٹے کی تعلیم حاصل کررہی ہیں اور تقریباً 70 معلمات برسرِ خدمت ہیں ۔ ماہِ رمضان کی مناسبت سے منبر و محراب فاؤنڈیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ان 70 مراکز نسوان میں ’’ رمضان کورس‘‘ کا انعقاد کیا جائے ۔ اس ’’ رمضان کورس‘‘ میں رمضان سے متعلق فضائل ، آداب اور روزوں سے متعلق مسائل ، تراویح سے متعلق مسائل، صدقۂ فطرہ اور زکوٰۃ سے متعلق مسائل وغیرہ سکھائے جائیں گے، نیز سورہ ضحی سے سورۂ ناس کی آیات ، لفظی ترجمہ ، ترجمہ اور اس کی مختصر تشریح بھی پڑھائی جائے گی۔ ان 70 مراکز نسوان کے علاوہ مختلف علاقوں کے ذمہ داران اگر یہ چاہتے ہیں کہ اپنے اپنے علاقوں میں ’’ رمضان کورس‘‘ کا آغاز کریں، ان کے لئے یہ نصاب دیا جائے گا۔ خواہشمند حضرات اس نمبر 9989666811 پر ربط کریں: واضح ہوکہ منبر و محراب فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ان مراکز نسوان میں ایک سال قبل مسلمات کورس کا آغاز کیا گیا تھا۔ ۲۱ ؍ مارچ تا ۲۸؍مارچ ۲۰۲۲ء تمام مراکز نسواں میں امتحانات منعقد کئے گئے۔ ماہ شوال سے نئے تعلیمی سال کا آغاز کیا جائے گا۔