Site icon Asre Hazir

مسجدیں مرکز عبادت اور مرکز انسانیت ہیں ‘مسلمان مسجدوں سے جڑ جائیں :غیاث احمد رشادی

حیدرآباد: یکم؍جنوری (پریس نوٹ) ہیدلہ پور ضلع سنگاریڈی میں جناب محترم مشتاق احمد صاحب کے تعاون سے جناب محترم الحاج عادل احمد خان صاحب کی نگرانی میں منبر و محراب فاونڈیشن کے زیر اہتمام مسجد احمد کی تعمیر کی تکمیل اور اس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا غیاث احمد رشادی صاحب صدر منبر و محراب فاونڈیشن انڈیا نے فرمایا کہ مسجدیں جہاں مرکز عبادت ہیں وہیں یہ مسجدیں مرکز انسانیت ہیں۔ ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنے علاقہ کی مسجدوں سے جڑے رہیں۔ جب تک مسلمان اپنی مسجدوں سے جڑے رہیں گے اس وقت تک اللہ تعالی کی رحمتوں اور برکتوں کے سایہ میں رہیں گے ۔ سعادت مند ہیں وہ مسلمان جن کا مضبوط رشتہ مسجدوں سے ہے ۔وہ مسلمان قیامت کے دن اللہ تعالی کے خصوصی سایہ میں ہوگا جس کا دل مسجد سے لٹکا ہوا ہوتا ہے۔ آج ہمارا دل گھروں اور بازاروں سے جس قدر لٹکا ہوا ہے اس سے زیادہ اللہ کے گھر سے لٹکا ہوا ہونا چاہیے۔ اس موقع پر مولانا نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ برادرانِ وطن سے اپنے تعلقات قائم رکھین اور ان کے ساتھ وہ رویہ اختیار کریں جس کی تعلیم رسولِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے دی ہے۔ اس افتتاحی تقریب سے علماء کرام مولانا عبد الرحمان قاسمی قاضی صاحب، مولانا عتیق احمد قاسمی صاحب، مولانا نذیر احمد رشادی صاحب، مولانا عبد المجید تبریز القاسمی صاحب نے مساجد کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مقامی احباب سے اپیل کی وہ اس مسجد کو اپنی نمازوں سے آباد رکھیں ۔ مولانا عبد الماجد رشادی صاحب، مولانا مدثر رشادی صاحب اور مفتی سرور قاسمی صاحب کے علاوہ محترم عادل احمد خان صاحب ،جناب مشتاق محمد صاحب، جناب توفیق محمد صاحب اور حافظ عبد الغفار اشرفی، حافظ ظفر، حافظ سلطان ودیگر احباب شریک رہے ۔اس دیہات کے غیر مسلم افراد نے بھی شرکت کی۔ واضح ہو کہ اس مسجد کی تعمیر جناب مشتاق محمد مقیم حال آسٹریلیا نے اپنے ذاتی صرفہ سے کروائی ہے ۔

ADVERTISEMENT
Exit mobile version