محبوب نگر: 9/جنوری (عصر حاضر) لاک ڈاؤن کی خوف ناک صورتحال اور تکلیف دہ مراحل میں بے مثال خدمات اور شہر حیدرآباد میں حالیہ تباہ کن بارشوں کی وجہ سے جو لوگ جانی و مالی اعتبار سے شدید متأثر ہوئے اس موقع پر صفائی اور معاشی بحران سے دو چار گھرانوں کی ضروریات کیلئے کمربستہ ہونے والی تنظیمیں اور افراد کی تہنیت کیلئے مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا کے زیر اھتمام اور سراج العلوم محبوب نگر کے زیر انتظام آج بتاریخ 9/جنوری بروز ہفتہ بمقام انٹر نیشنل اسکول کیمپس محبوب نگر میں جلسہ تقسیم ایوارڈ برائے فلاحی انسانی و ملی خدمات زیر صدارت حضرت مولانا اکبر صاحب مفتاحی دامت برکاتہم ناظم مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا، زیر نگرانی مولانا امیر اللہ خان قاسمی منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں بہ حیثیت مہمان خصوصی مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ناظم المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد نے شرکت کی۔ جس میں ریاست کے تمام مسالک و مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سرکردہ علماء مشائخ اور رفاہی تنظیموں کے ذمہ داران کو مدعو کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے تأثرات میں فرمایا کہ خدمت خلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زندگی کا خصوصی امتیاز رہا ہے۔ لاک ڈاؤن اور حیدرآباد سیلاب کے موقع پر رفاہی تنظیموں کی بے مثال خدمات قابل تحسین اور لائق ستائش رہی ایسے میں ان کی خدمات کو سراہنا نہایت اہم فریضہ تھا جس کو مولانا امیر اللہ خان صاحب قاسمی اور ان کے لائق فرزند مولانا ثناء اللہ خان قاسمی نے انجام دیا ہے۔ اس موقع پر مولانا محترم نے تبلیغی جماعت کی ناقابل فراموش خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد سیلاب کی نازک ترین صورتحال میں دعوت و تبلیغ کے ذمہ داران و اراکین نے گھروں کی صفائی اور ضروری سامانوں کی فراہمی کے ذریعہ جو خدمات انجام دی ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں۔ پروگرام کے شروع میں مولانا محمد بانعیم مظاھری نائب ناظم مجلس علمیہ نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ریاست بھر سے جمع ہوئے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور سال ۲۰۲۰ء میں وفات پانے والے اکابر علماء کرام کو یاد کرتے ہوئے انہیں تعزیت پیش کی۔ اس موقع پر ایم ایس اکیڈمی کے ڈائریکٹر عبداللطیف، افضل شریف بیابانی قاضی پیٹ، صفا بیت المال کے قومی صدر مولانا غیاث احمد رشادی، مولانا آصف عمری جمعیۃ اہل حدیث، آزاد رپوٹر ابو ایمل، مفتی غیاث الدین رحمانی صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا، مولانا حسام الدین ثانی عامل جعفر پاشاہ امیر ملت اسلامیہ، مفتی محمد عبدالمغنی مظاہری صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد، مولانا حامد محمد خان جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و آندھرا نے اپنے اپنے تأثرات کا اظہار کیا۔ ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے تمام ہی ذمہ داروں نے اس ایوارڈ کو اپنے خدام، کارکنان اور بے لوث و مخلص والینٹرس کے نام معنون کیا اور کہا کہ تنظیموں کی کامیابی اور ترقی کا مدار اس کے خدام ہی کی خدمات پر منحصر ہوتا ہے۔ جلسہ کا آغاز حافظ ولی اللہ خان کی قرأت کلام پاک سے ہوا جبکہ حافظ امان حماد نے دربار رسالت مآب صلی اللہ علیہ و سلم میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ مولانا نعیم کوثر رشادی صدر قصد السبیل ٹرسٹ محبوب نگر نے دلچسپ انداز میں نظامت کے فرائض انجام دیئے۔