لکھنؤ: 25؍جنوری (ذرائع) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہر روز احتجاج بڑھتا ہی جارہا ہے۔ لکھنؤ کے گھنٹہ گھر میں چل رہے احتجاج میں جمعہ کو آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر مولانا ڈاکٹر کلب صادق نے وہاں پہنچ کر مظاہرین سے ملاقات کی۔ اور اس احتجاج میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا ملک مودی۔شاہ کی مرضی سے نہیں، آئین سے چلے گا۔
معروف عالم دین مولانا کلب صادق نے کہاہے کہ اس وقت پورے ملک میں اندھیرا ہے یہ اندھیرا ظلم اور اتیاچار کا ہے۔ لکھنئو کے گھنٹہ گھر پر چل رہے خواتین کے احتجاج میں شدید علالت کے باوجود مولانا کلب صادق وہیل چئر پر پہنچے اور انہوں نے خواتین کے عزم وحوصلے کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اپنی طاقت کو پہچانیں۔ اصل طاقت نریندر مودی امت شاہ اور یوگی آدتیہ ناتھ کے پاس نہیں بلکہ ان لوگوں کے پاس ہے جو ملک کے آئین ودستور کو بچانے اور اس ملک کی قدیم تہذیب اور ایکتا کو کو زندہ رکھنے کے لئے آواز بلند کررہے ہیں۔ مولانا کی آمد کی خبر کے ساتھ ہی شہریوں اور صحافیوں کی بھیڑجمع ہو گئی۔
مولانا کلب صادق نے کہا کہ خواتین اپنی طاقت کو پہچانیں۔ خواتین مردوں کو پیدا کرتی ہیں تو یہ مردوں کی ماں ہیں اگر یہ جم جائیں گی تو سب کو اکھڑنا پڑے گا۔ ہم بالکل مطمئن ہوکر جمے رہیں گے تو کامیابی ضرور ملے گی۔
یوگی نے کہا مرد رضائی کے اندر گھر میں آرام کررہے ہیں اور خواتین باہر مظاہرہ کر رہی ہیں جیسے سوال پر مولانا کلب صادق نے کہا کہ یوگی جی کو بات کرنے کی تمیز نہیں ہے، ہمیں ان کا پورا بیک گراؤنڈ معلوم ہے۔ انہیں تمیز سے پیش آنا چاہئے کیونکہ لکھنؤ تمیز والوں کا شہر ہے۔