مدینہ منورہ: 21؍جون (ذرائع) سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے اتوار 20 جون سے مسجد قبا چوبیس گھنٹے کھولنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’زائرین اور نمازی اب کسی بھی وقت عبادت اور زیارت کے لیے جا سکتے ہیں تاہم انہیں کورونا سے بچاؤ کے لیے مقرر تدابیر کی پابندی کرنا ہوگی‘۔
سعودی خبر رساںد ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ کے مطابق مسجد قبا اسلامی تاریخ کی پہلی مسجد ہے جسے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ سے مدینہ منورہ ہجرت کے موقع پر تعمیر کرایا تھا۔
مسجد قبا، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ شہروں کو ملانے والی شاہراہ ھجرہ پر واقع ہے- یہ مسجد نبویﷺ سے جنوب میں ساڑھے تین کلومیٹر دور ہے۔ مسجد قبا، مسجد نبویﷺ کے بعد سب سے بڑی مسجد اور چوکور شکل کی ہے۔