نبی کریم ﷺ ساری انسانیت کے لئے بہترین اسوہ اور نمونہ !

کریم نگر: 29؍اکتوبر (راست) مفتی محمد یونس القاسمی صدر جمعیۃ علما ءکریم نگر نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ نبی کریمﷺ کی ذات بابرکات ساری انسانیت کے لئے بہترین اسوہ اور نمونہ ہیں،آپ ﷺ کے اخلاق سے پوری دنیا نے فیض پایا ہے،آپ ﷺکی تعلیمات ہی انسانیت کے لئے نجات وکامیابی کا ذریعہ ہے۔نبی ﷺ کے احسانات ہرفردِ بشر پربے شمار ہیں،آپ ﷺ کا فیض ہے کہ دنیا کو جینے کاسلیقہ ملا،اور مظلوم وستم رسیدہ لوگوں کو ان کا حق نصیب ہوا۔نبی ﷺ سے مسلمان والہانہ محبت کرتے ہیں،نبی ﷺ کی شان میں معمولی گستاخی یا بے ادبی ناقابل ِ برداشت ہے۔
فرانس میں جس طرح گستاخانہ خاکے بنائے گئے اور اس پر صدر فرانس نے اپنی حمایت کا اظہار کیا یقینا یہ بدبختانہ عمل ہے،جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،نبیﷺ کی شان میں گستاخی کرکے یا گستاخوں کی حمایت اور تائید کرکے وہ خود ہی اپنے لئے تباہی وبربادی کا انتظام کررہے ہیں ۔نبی ﷺ کی شان او رمقام ومرتبہ بہت اونچا اور اعلی ہے۔گستاخی کرنے والوں اور گستاخوں کاساتھ دینے والوں کو جاننا چاہیے کہ جس نے بھی نبی ﷺ کی شان میں بے ادبی کا ارتکاب کیا وہ خود تباہ ہوااور اس نے اپنی دنیا وآخرت کو بربادکیا ہے۔
جمعیۃ علماءکریم نگر نبی ﷺ کی شان میں کی گئی گستاخی کی پرُزور مذمت کرتی ہے اور دنیا کے امن پسند اور مہذب لوگوں سے اپیل کرتی ہے کہ ایسے گستاخوں کے خلاف سخت کاروائی کریں تاکہ ان کے جرم کا احساس ہواور دریدہ دہن لوگوں کی زبان بے جااستعمال نہ ہونے پائیں۔نیز عام لوگوں سے اپیل کرتی ہے کہ ان کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں ۔مسلمان اپنے کردار وعمل سے اسوہ رسول ﷺ کو اجاگر کریں اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو انسانیت تک پہنچانے کے لئے ہر ممکن فکر وکوشش کریں۔
Exit mobile version