Site icon Asre Hazir

دارالعلوم دیوبند‘ جمعیۃ علماء ہند سمیت ملک کے ممتاز دینی اداروں کے سی اے ہربنش سنگھ مدان جی کا انتقال

دیوبند،10؍ ستمبر (پریس ریلیز) معروف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ایچ ایس مدان جی کا مختصر علالت کے بعد آج دہلی میں انتقال ہوگیا۔ مدان جی دارالعلوم دیوبند‘ جمعیۃ علماء ہند‘ دارالعلوم وقف دیوبند‘ جامعہ مظاہر علوم سہارنپور‘ مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند اور متعدد ممتاز مسلم اداروں میں بحیثیت چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اپنی خدمات انجام دیتے تھے۔ صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری اور جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے بھارت کے معروف چارٹرڈاکاؤنٹنٹ (سی اے) ہر بنش سنگھ مدان جی کے سانحہ ارتحال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔وہ تقریبا نصف صدی سے جمعیۃ علماء ہند کے آڈیٹر تھے۔ جانشین شیخ الاسلام فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی ؒ سابق صدر جمعیۃ علما ء ہند نے ان کو جمعیۃ کے اکاؤنٹ کے آڈیننگ سے متعلق کاموں کی ذمہ داری سونپی تھی۔ وہ اپنی ذمہ داریوں کے تئیں ایماندار اورا پنے میدان میں بہت ہی قابل انسان تھے۔
جمعیۃ علماء ہند نے ان کے اہل خانہ بالخصوص ان کی اہلیہ اور دونوں صاحبزادے انتیش مدان اور سوربھ مدان سے اس دکھ کے وقت میں یک جہتی اور تعزیت پیش کی ہے اور ان کو صبر کی تلقین کی ہے۔

ADVERTISEMENT

دارالعلوم دیوبند سمیت مختلف مسلم اداروں سے منسلک سی اے اور ان کی وفات کی اطلاع پر دیوبند کے بڑے اداروں دارالعلوم دیوبند، دارالعلوم وقف دیوبند،مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند اور دیگر اداروں کا ماحول غمگین ہوگیا۔ واضح کہ ایچ ایس مدان سی اے کی حیثیت سے ملک بھر کے اکثر بڑے مسلم اداروں سے تقریباً نصف صدی سے وابستہ تھے۔ مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کی جانب سے بھی فوراً بذریعہ فون آنجہانی مدان صاحب کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کیاگیا بعدازاں مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے دفتر میں ایک میٹنگ منعقد کرکے ان کی موت پر غم کااظہار کیاگیا۔مسلم فنڈ کے منیجر سہیل صدیقی نے مدان صاحب کے اچانک فوت ہوجانے پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ خاص طورپر ان کے مرحوم والد اورسابق جنرل منیجر حسیب صدیقی اورمدان صاحب کا 50؍سالوں سے زیادہ عرصہ تک ساتھ رہا۔ انھوں نے کہا کہ مدان صاحب ایک سنجیدہ اوراپنے پیشے کے تئیں نہایت ایماندار اوربڑے تجربہ کارانسان تھے ۔ انھوں نے ادارہ کے لئے ہمیشہ بہترین صلاح ومشورے پیش کئے اور ادارہ کے نظام کو چلانے کے لئے بہتر اورآسان طریقوں سے روشناس کرایا۔ انھوں نے کہا کہ مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے لئے مدان صاحب کی خدمات کو ہمیشہ یادرکھاجائیگا۔ اس غم کی گھڑی میں ہماری تمام ہمدردیاں اورجذبات تمام پسماندگان کے ساتھ ہیں۔ ادارہ کی کے نائب منیجر سید آصف حسین اور سابق چیئرمین انعام قریشی نے مدان صاحب کی وفات پر صدمہ کااظہارکیا۔ ان کے انتقال پر مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے علاوہ دیگر اداروں کی جانب سے بھی غم کااظہار کیاگیا۔

Exit mobile version