نظام آباد: 17؍جون (عصر حاضر) مولانا عبدالقیوم شاکر القاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ معین الہند کی شان میں گستاخی کرنے والے امیش دیوگن کو بخشا نہ جائے‘ جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد اس واقعہ کی شدید مذمت کرتی ہے۔ دنیا جانتی ہیکہ یہ کرہ ارضی اگر اپنی حقیقت کے ساتھ قائم ودائم ہے تو وہ صرف اورصرف اللہ والوں ہی کی بدولت ہے جس کی صاف صراحت نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی فرمادی تھی کہ جبتک دنیا میں ایک بھی اللہ اللہ کہنے والا باقی رہے گا نظام کائنات یوں جاری وساری رہے گا چہ جائیکہ مقربین بارگاہ خداوند اور اولیاء اللہ کی بات کی جائے جن کو توجہات وبرکات سے اللہ پاک انسانیت کو آفات سماوی وارضی سے محفوظ ومامون رکھتے ہیں
جن اولیاء اللہ وبزرگان دین کو دنیا جانتی اور مانتی ہے انہیں میں سے ایک وہ مقدس ترین ہستی ہے جو 13 ویں صدی کے اوائل میں برصغیر کا رخ کرکے تصوف وسلوک کے سلسلہ چشت کو فروغ دیا جن کانام نامی حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رح ہیں جن کو ہندو مسلمان سب تاجدار ہند اورسلطان الہند کے لقب سے یادکرتے ہیں۔
ہندوستان کا مسلمان ہی نہیں بلکہ ہندووں کا ایک بڑا طبقہ آپ کی کرامات سے بخوبی واقف اور دانا ہے جس کی وجہ سے وہ آپ سے بہت زیادہ عقیدت ومحبت بھی رکھتا ہے یہی نہیں بلکہ ہر سال آپ کے آستانہ پر حاضری کو اپنے لیےباعث سعادت اور دنیا کے ہموم وغموم سے نجات وچھٹکارہ کا ذریعہ سمجھتا ہے؛ لیکن افسوس کہ نیوز18 کا بدبخت ونامراد ٹی وی اینکر امیش دیوگن نے اپنی دریدہ دہنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حضرت خواجہ صاحب کی شان میں نازیبا الفاظ کہا جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد نے اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اس ٹی وی چینل پر پابندی لگانے اور اینکر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ اس سے نہ صرف مسلمان بلکہ عقیدت مند برادران وطن کے دلوں کو یقینا ٹھیس پہونچی ہے۔