حیدرآباد: 8؍جون (عصرحاضر) تلنگانہ میں لاک ڈاون کے نفاذ کے بعد سے رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں پولیس نے لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف زائد از 92ہزار معاملات درج کئے۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت جنہوں نے منگل کو گاڑیوں کی تلاشی مہم میں حصہ لیا، کہاکہ ہر دن سینکڑوں افراد لاک ڈاون کے رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے جارہے ہیں اور بیشتر گاڑیوں کو ضبط کیاجارہا ہے۔ پولیس نے 92,498 معاملات درج کئے ہیں، جن میں 64,811 معاملات لاک ڈاون کی خلاف ورزی، 23,745 معاملات ماسک کو نامناسب پہننے، عوامی مقامات پر سماجی فاصلہ کو برقرار نہ رکھنے اور 891 معاملات ہجوم کو جمع کرنے سے متعلق درج کئے گئے ہیں۔
اس عرصہ کے دوران جملہ 22,092گاڑیوں کو ضبط کیاگیا۔ بھگوت نے اس موقع پر کہا کہ 46 چیک پوسٹس قائم کئے گئے۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ گھروں میں ہی محفوظ رہیں۔ انہوں نے لاک ڈاون کے نفاذ کے سلسلہ میں پولیس کی مساعی کی ستائش کی۔
انہوں نے لاک ڈاون کے رہنمایانہ خطوط پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ دیا۔