حیدرآباد: 28؍دسمبر (عصرحاضر) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کوویڈ-19 ویکسینیشن کے پہلے مرحلے کے لئے تیار ہے، جس میں لگ بھگ 1 لاکھ افراد کو ویکسین فراہم کی جا سکے گی۔
جی ایچ ایم سی میئر بونتھو رام موہن راؤ نے پیر کو کہا کہ اس کا انتظام نرسوں ، پیرا میڈک عملہ جیسے ہیلتھ کیئر ورکرز کو دیا جائے گا۔ تاہم ، ویکسین فراہمی کی صحیح تاریخ کے بارے میں انکشاف نہیں کیا گیا۔
جی ایچ ایم سی حدود میں ویکسین فراہمی کی تیاریوں کے بارے میں ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرز اور ڈسٹرکٹ امیونائزیشن افسران کے ساتھ پیر کو جی ایچ ایم سی ہیڈ کوارٹرز میں ایک میٹنگ ہوئی، جس کی صدارت میئر نے کی۔
میئر نے عہدیداروں کو ویکسینیشن مراکز کے لئے سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نےکہا کہ ویکسی نیشن کے لیے تقریبا 1100 مراکز کی ضرورت ہے۔ مراکز کی نشاندہی اور نقشہ بندی کا ابتدائی کام 10 جنوری 2021 تک مکمل کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے بتایا کہ ویکسی نیشن ڈرائیو کا انتظام مرحلہ وار کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں پولیس عہدیداروں اور بلدیاتی کارکنوں کو ویکسین دی جائے گی ، جبکہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد اور دائمی بیماریوں والے افراد کو تیسرے مرحلے میں ویکسین فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس میں جی ایچ ایم سی کمشنر ، لوکیش کمار، ایڈیشنل کمشنر صحت، بدھاوت سنتوش؛ سی ایم او ایچ پدمجا؛ اور رنگن ریڈی ، میڈچل اور رنگا ریڈی کے ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرز اور ضلعی امیونائزیشن آفیسرز نے شرکت کی۔