حیدرآباد 29:؍ستمبر (اے این ایس)ریاستی وزرا کے تارک راما راو، سبیتا اندرا ریڈی اور ستیہ وتی راتھوڑ نے حیدرآباد کے ہریتا پلازہ میں تلنگانہ میں ہونے والے بتکماں فیسٹیول کے موقع پر خواتین میں تقسیم کی جانے والی ساڑیوں کا معائنہ کیا۔وزرا نے اس تہوارکی پیشگی مبارکباد دی اور کہا کہ جاریہ سال 9 اکتوبر سے ان ساڑیوں کی تقسیم کا کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر خواتین کے مکانات پہنچ کر یہ ساڑیاں تقسیم کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔اس موقع پر وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے کہا کہ حکومت اس فیسٹیول کے موقع پر غریب خواتین میں ساڑیوں کی تقسیم کرے گی۔جاریہ سال 287 قسم کے ڈیزائن والی ایک کروڑ سے زائد ساڑیوں کی تقسیم کی جائے گی جس کے لیے 317.81 کروڑ روپے صرف کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بنکروں کی پریشانی سے وزیراعلی کے چندرشیکھر راو واقف ہیں۔ تلنگانہ کو ریاست کادرجہ دلانے کے لیے چلائی گئی تحریک کے موقع پر ان بنکروں کو کافی مشکل صورتحال کاسامنا کرناپڑا۔ بعض بنکروں نے تلنگانہ کے لیے خودکشی بھی کی ہے تاہم تلنگانہ کو ریاست کا درجہ ملنے کے بعد سماج کے تمام طبقات کے مسائل کے مستقل حل کے لیے وزیراعلی کے چندر شیکھر راو اقدامات کررہے ہیں۔ وہ ان کو کام دیتے ہوئے ان کی آمدنی میں اضافہ کرناچاہتے ہیں۔