حیدرآباد: 13؍اگسٹ (عصر حاضر) حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر یوم آزادی تقاریب سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر ریاست کے 32 اضلاع میں رسم پرچم کشائی کیلئے مختلف وزراء کو ذمہ داریاں الاٹ کی گئی ہیں۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے جی او آر ٹی 1173 جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حیدرآباد میں ریاستی سطح کی تقریب میں صبح ساڑھے دس بجے قومی پرچم لہرائیں گے۔ اضلاع میں ضلع کلکٹریٹس پر صبح 10.00 بجے پرچم کشائی کے لئے وزراء کو ذمہ داری دی گئی ۔ وزراء کے علاوہ اسپیکر اسمبلی ، اسمبلی اور کونسل میں گورنمنٹ وہپس کو بھی پرچم کشائی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اضلاع میں مقامی ارکان اسمبلی ، میئرس ، ضلع پریشد ، صدور نشین اور دیگر عوامی نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا۔ رسم پرچم کشائی تقریب کیلئے ضلع کلکٹرس کو انتظامات کی ذمہ داری دی گئی۔ کورونا وائرس کے پیش نظر ماسک ، سماجی فاصلہ اور سینیٹائزر کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر یوم آزادی تقاریب سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔