حیدرآباد: 24؍جولائی (عصر حاضر) سائبرآباد کمشنر پولیس وی سی سجنار نے آج عیدالاضحی کے پیش نظر منعقدہ رابطہ اجلاس میں کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر گائے اور اونٹ کے ذبیحہ کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ صحت و صفائی اور عید کے پُرامن انعقاد کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں بلدیہ کے علاوہ مختلف محکموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ کمشنر پولیس نے قربانی کے جانوروں کے فضلہ کی صفائی اور آسان انداز میں منتقلی کیلئے بلدی عملہ کو چوکس رہنے اور فوری اقدامات پر زور دیا ۔ ساتھ ہی پولیس حکام کو پابند کیا کہ وہ شہر کو آنے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کریں چیک پوسٹس کا جائزہ لیتے رہیں۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ پولیس و سرکاری مشنری سے تعاون کریں۔ کمشنر نے بدامنی و تفرقہ پیدا کرنے والوں کو خبردار کیا ۔ انہوں کہا کہ کسی شکایت پر پولیس کو اطلاع دی جائے۔ قانون کو ہاتھ میں لینے اور لاء اینڈ آرڈر کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں ہوگی۔ امن متاثر کرنے کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ بلدی حکام نے بتایا کہ صفائی کیلئے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے ۔ کمشنر نے بتایا کہ عوام شکایات 9490617444 واٹس ایپ کریں۔