مکہ مکرمہ: 13؍دسمبر (ذرائع) گزشتہ روز مکہ معظمہ میں لینڈ مارک کا درجہ رکھنے والے مکہ ٹاور پر صحرائی ٹڈیوں نے یلغار کردی جس کے نتیجے میں ٹاور کی چوٹی پر نصب گھڑیال بھی چھپ گیا۔ العربیہ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت ماحولیات بحر احمر کے ساحل پر مشرقی افریقہ اور یمن کی طرف سے آنےوالی ٹڈی کے خلاف فوری کارروائی کی اور انہیں ختم کردیا گیا۔
محکمہ ماحولیات کی طرف سے صحرائی ٹڈی کو تلف کرنے کے لیے ریاض، مکہ معظمہ، مدینہ منورہ، القصیم، حائل، تبوک، عسیر اور الباحہ میں وسیع پیمانے پر آپریشن کیا جا رہا ہے تاکہ صحرائی ٹڈیوں پر بروقت قابو پا جا سکے۔
محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ ٹڈیوں سے شہریوں کی صحت کو کوئی خطرہ نہیں تاہم ان سے فصلوں اور چرا گاہوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ ٹڈیوں کے لشکر شہریوں کی روز مرہ زندگی کو بھی متاثر کرسکتے ہیں۔