سعودی وزارتِ صحت نے چھ عارضوں میں مبتلا افراد کو عمرہ مؤخر کرنے کی ہدایت دی

جدہ: 12؍اکتوبر (ذرائع) سعودی وزارت صحت نے چھ قسم کے افراد کو عمرہ اور زیارت موخر کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ ‘چھ قسم کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو چاہیے کہ وہ فی الحال عمرہ اور زیارت کا ارادہ نہ کریں۔’ ‘ایسے افراد جو غیر مستقل شوگر لیول رکھتے ہیں اور انہیں شوگر کے لیول میں ٹھہراؤ نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہسپتال داخل ہونا پڑا ہو، انہیں عمرہ اور زیارت کا ارادہ موخر کرنا چاہیے۔’ ‘ایسے افراد جن کا بلڈ پریشر ہائی ہے اور اس کے باعث انہیں گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہسپتال داخل ہونا پڑا ہو یا دل کے امراض میں مبتلا ہیں یا جن کے دل کا مسل کمزور ہے، وہ فی الحال عمرہ نہ کریں۔’ ‘وہ افراد جن کا خود کار دفاعی نظام کمزور ہے، سینے کے امراض میں مبتلا ہیں اور جنہیں گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہسپتال داخل ہونا پڑا ہو ان کے لیے بھی یہی ہدایت ہے۔’ وزارت نے کہا ہے کہ ‘حد سے زیادہ موٹاپے کا شکار افراد، جگر کے امراض میں مبتلا یا تاجی شریانوں کے امراض میں مبتلا افراد جنہیں گزشتہ چھ ماہ کے دوران اس بیماری کی وجہ سے ہسپتال داخل ہونا پڑا ہو اور حاملہ خواتین بھی عمرہ اور زیارت موخر کریں۔’ وزارت نے کہا ہے کہ ‘مذکورہ بالا قسم کے افراد کو یہ ہدایت ان کی سلامتی کو مد نظر رکھ کر دی جا رہی ہے۔’

Exit mobile version