حج 2022ء کے لیے عمر کی حد منسوخ، اب 65؍سال سے زائد عمر والے بھی داخل کرسکتے ہیں درخواست

ممبئی: 15؍دسمبر (عصرحاضر) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2022 کیلئے زائد عمر کی حد منسوخ کردی ہے۔ اب 65 سال سے عمر کے عازمین حج بھی حج کیلئے درخواست کرسکتے ہیں۔ مرکزی حج کمیٹی نے باقاعدہ ایک سرکیولرجاری کرتے ہوئے یہ اطلاع دی ہے۔ سرکیولر میں بتایا گیا ہے کہ پیراگراف چار حج گائیڈ لائن برائے 2022 میں تبدیلی کرتے ہوئے زائد عمر کی حد منسوخ کردی گئی ہے۔ اب 65 سال سے زائد عمر کے عازمین بھی درخواست دے سکتے ہیں ۔ واضح رہے کہ حج پالیسی 2018 – 22 کے تحت 70 سال کے زائد عمر کے عازمین کے ساتھ اس کا ایک محرم رشتہ دار بغیر قرعہ اندازی کے حج کا اہل قرار پاتا ہے۔
اب صرف وہی محرم رشتہ دار ساتھی کے طور پرحج کا اہل قرارپائیگا جس نے زندگی میں حج نہیں کیا ہو ۔ اس کے ساتھ ہی ریاستوں کو فراہم کئے گئے خصوصی زمرے کے کوٹے سے زائد درخواستیں موصول ہونے پر ان کے درمیان قرعہ اندازی کی جائیگی۔ کمپینین یعنی 70 سال سے زائد عمر والے عازمِ حج کے ساتھ محرم رشتہ دارکے طور پر حج پر روانہ ہونے کے خواہش مند افراد کو حلف نامہ بھی داخل کرنا پڑے گا۔ اگر معمر شخص کا حج منسوخ ہوتا ہے تو اس محرم رشتہ دار کی درخواست بھی ازخود منسوخ ہوجائیگی۔
مرکزی حج کمیٹی کے سی ای او یعقوب شیخا نے بتایاکہ حج 2022 کورونا وائرس کی وجہ سے مخصوص شرائط و ضوابط کے تحت منعقد کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ سعودی حکومت اور وزارت برائے اقلیتی امور حکومت ہند کی ہدایات پر گائیڈ لائن میں ترمیم ممکن ہے۔

Exit mobile version